ریاست میں سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا اولین ترجیح : شیو راج

بھوپال، مئی۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جو لوگ سماجی تانے بانے کو بگاڑتے ہیں، مختلف طبقوں میں دوری پیدا کرتے ہیں اور انتشار پھیلاتے ہیں ان پرکڑی نظر رکھی جائے اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ وزر اعلیٰ مسٹر چوہان نے آج صبح یہاں رہائش گاہ سے سیونی ضلع میں امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گائے کی نقل و حمل ، گائے ذبیحہ میں ملوث افراد اور اس سے جڑے افراد کی جانچ پڑتال کرکے ان کے نیٹ ورک کو تباہ کیا جائے۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ ترقی اور عوامی خدمت کے ذریعے ہمیں مختلف طبقوں میں اعتماد پیدا کرکے سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ مختلف طبقوں کے درمیان فاصلے کسی قیمت پر نہ بڑھیں۔جائزہ میٹنگ میں مسٹر چوہان نے دبنگوں اور مافیاؤں کےتجاوزات سے آزاد کرائی گئی زمین کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ جس پر سیونی کلکٹر نے بتایا کہ اب تک 200 ایکڑ اراضی کو آزاد کرایا گیا ہے، اس زمین کو ’پردھان منتری آواس اور مکھی منتری بھو ادھیکار یوجنا‘کے لیے محفوظ رکھا گیا ہے۔ سیونی ضلع میں پینے کے پانی کی صورتحال پر کلکٹر سیونی نے بتایا کہ ضلع میں 929 نلکے کے پانی کی اسکیمیں چل رہی ہیں۔مسٹر چوہان نے ایل اینڈ ٹی کمپنی کو ہدایت دی کہ وہ کام کو جلد مکمل کرے اور ضلع افسران پانی کی فراہمی کے انتظامات کا مسلسل جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو نلکے کے پانی کی اسکیموں کی دیکھ بھال اور چلانے کا کام سونپا جانا چاہئے۔ وزیر اعظم آواس اور آواس پلس کے بارے میں مسٹر چوہان نے کہا کہ پنچایت اور دیہی ترقی کی اسکیموں میں بدعنوانی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو دیہی علاقوں کے مسلسل دورے کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جن مستحقین کو مکانات الاٹ کیے گئے ہیں انہیں وزیر اعلیٰ کے خط کے ذریعے مکانات کی الاٹمنٹ کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ مکانات کی الاٹمنٹ اور فہرست میں نام ڈالنے کے لیے رقم کی وصولی نہیں ہونی چاہیے۔ ضلع میں 100 فیصد راشن کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ راشن کی تقسیم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں میں عرصہ دراز سے ایک ہی جگہ پر تعینات افسران و ملازمین کی فہرست بناکر جلد پیش کیا جائے۔ سرکاری کام میں غفلت اور کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔مسٹر چوہان نے سیونی ضلع میں ایک ضلع ایک پروڈکٹ کے تحت سیتا پھل کی بہتر برانڈنگ اور مارکیٹنگ کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سیونی ضلع میں اگائے جانے والے جیرا شنکر چاول مدھیہ پردیش کا فخر ہیں۔ اس کی ملک گیر برانڈنگ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع کے کاشتکاروں کو قدرتی کاشتکاری کی ترغیب دی جائے اور کسانوں کو اپنے کھیتوں کے ایک حصے میں قدرتی کاشتکاری سے فصل اُگانے کی ترغیب دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گھنسور بلاک کے بہتر رابطے کو یقینی بنانے کے لیے ایک ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ پینچ نیشنل پارک کے ساتھ ضلع میں سیاحتی اہمیت کے دیگر مقامات جیسے بھیم گڑھ بند، آمود گڑھ، اڈیگاؤں قلعہ اور شیو مندر کو بھی سیاحت سے جوڑنا چاہیے۔

 

Related Articles