عظیم الشان کاشی کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کررہے ہیں مودی:سوتنتردیو

لکھنؤ:دسمبر۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی’عظیم الشان کاشی‘ کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرتے ہوئے آنے والے 13دسمبر کو وشوناتھ دھام پروجکٹ کا افتتاح کریں گے۔ اسے ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائےگا۔وزیر اعظم کے یوپی آمد کے پروگرام کے بارے میں سنگھ نے یہاں پارٹی دفتر میں بدھ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ کاشی کی بحالی کے لئے وزیر اعظم نے جو عزم کیا تھا وہ اب پورا ہورہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کاشی میں منعقد ہونے والے تین روزہ پروگرام کو’ بھو کاشی،دیو کاشی‘ نام دیا گیا ہے۔ اس میں پورے ملک کے دھرم اچاریہ اور وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی موجود ہونگے۔ سنگھ نے بتایا کہ اس پروگرام کو بی جے پی کے تعاون سے ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ہر ایک ضلع کے اہم مندروں میں تقاریب کا انعقاد کیا جائےگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دن ضلع سطح پر پروگرام منعقد کر کے دھرم اچاریہ اور سادھو سنتوں کو اعزاز سے نوازہ جائے گا۔سنگھ نے بتایا کہ 08تا 11دسمبر تک ریاست کی سبھی مندروں، مٹھ، مذہبی مقامات پر صفائی مہم چلائی جائے گی۔جس میں کمیٹی کے عہدیدار بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کاشی وشوناتھ دھام کے افتتاح کے موقع پر 12،13اور 14دسمبر کو ریاستی باشندے دیپ روشن کر کے بھگوان شیو کااستقبال کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کاشی میں لیجر شو، آتش بازی کے ساتھ دیگرعوامی مقامات کو سجایا جائے گا۔

Related Articles