صفائی کے زورپر ہندوستان کو صحت مند اور خوشحال ملک بناسکتے ہیں:کووند

نئی دہلی،نومبر۔صدر رام ناتھ کووند نے ہفتہ کو کہا کہ سوچھ بھارت مشن اربن 2.0 کے تمام اہداف کو مقررہ وقت میں حاصل کرنا ضروری ہے کیونکہ صفائی کے زور پر ایک صحت مند اور خوشحال ملک کی تعمیر کی جا سکتی ہے۔آج یہاں وگیان بھون میں سوچھ امرت مہوتسو اور سوچھ سرویکشن ایوارڈ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کووند نے کہا کہ کسی بھی ملک کوصفائی کی بنیاد پر ہی صحت مند اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ ہر ایک کو سوچھ بھارت مشن شہری 2.0 کے اہداف کو مقررہ وقت میں حاصل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عام لوگوں میں سوچھ بھارت کا جذبہ اپنا مقام بنائے گا اورصاف، صحت مند و خوشحال ہندوستان 21ویں صدی کی عالمی برادری میں قابل فخر مقام حاصل کرے گا۔صدر نے کہا کہ سال 2050 تک ملک کی شہری آبادی 81 کروڑ سے زائد ہونے کا اندازہ ہے، اس لیے شہری صفائی کے بڑے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی تیاری کی جانی چاہیے۔ تمام اہل وطن کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ ہندوستان کی شناخت عالمی برادری میں ایک صاف ستھرے ملک کے طور پرقائم ہو۔ اس سے بین الاقوامی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔مسٹرکووند نے کہا کہ صفائی ہماری فطرت کا حصہ ہے اور خاص طور پر تہواروں کے موقع پر لوگوں میں صفائی کے تئیں جوش و خروش نظرآتا ہے، لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ جوش وخروش سال بھر برقرار رہے تو ہمارے گاؤں اور شہر صفائی کی مثال بن سکتے ہیں۔صدرنے سرپر گندہ ڈھونے کو انتہائی شرمناک بتاتے ہوئے کہا کہ اس کو روکنے کی ذمہ داری صرف حکومت کی ہی نہیں بلکہ پورے سماج اورشہریوں کی بھی ہے۔ انہوں نے ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کو تجویز دی کہ تمام شہروں میں مشین سے صفائی کی سہولت دستیاب کرائی جانی چاہیے۔اندور کو لگاتار پانچویں سال صاف ترین شہر کا ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ قابل ستائش ہے اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ اندور نے اپنا مقام برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے حوالے سے اچھی کارکردگی دکھانے والے شہروں کی اچھی خصوصیات کو زیادہ سے زیادہ جگہوں پر پھیلایا جائے تاکہ دوسرے شہر بھی اس سے متاثر ہوں۔تقریب میں اندور کو مسلسل پانچویں بار صاف ستھرے شہر کا ایوارڈ دیا گیا۔ گجرات کے سورت شہر کو دوسرا اور آندھرا پردیش کے وجے واڑہ کو تیسرا انعام ملا۔ سروے میں وارانسی کو گنگا کے قریب سب سے صاف ستھرا شہر جبکہ چھتیس گڑھ کوملک کی سب سے صاف ستھری ریاست ہونے کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ احمد آباد چھاونی کوملک کی سب سے صاف ستھری چھاؤنی کے ایوارڈسے نوازاگیا۔اس موقع پر ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور کئی دیگر معززین بھی موجود تھے۔

 

Related Articles