صدرجوبائیڈن کووِڈ-19 کا شکار

وائٹ ہاؤس میں الگ تھلگ رہ کرفرائض انجام دیں گے

واشنگٹن،جولائی۔امریکی صدر جو بائیڈن کروناوائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر کا جمعرات کی صبح کووِڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اوران میں ہلکی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔بیان کے مطابق ’’صدربائیڈن کو کروناوائرس کی ویکسین لگائی گئی تھی اور دومرتبہ تقویتی خوراکیں بھی لگائی گئی تھیں۔ان میں بہت ہلکی علامات ظاہرہوئی ہیں۔انھیں نے دوا پیکسلوویڈ لینا شروع کردی ہے اور وہ سی ڈی سی کے رہ نما خطوط کے مطابق وائٹ ہاؤس میں الگ تھلگ ہوجائیں گے‘‘۔وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ 79 سالہ صدراپنی تنہائی کے دوران میں اپنے تمام فرائض مکمل طور پر انجام دیں گے اور رہائش گاہ سے فون اور ویڈیو کانفرنس کے ذریعے وائٹ ہاؤس میں اپنی طے شدہ ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔بائیڈن اس وقت تک تنہائی میں کام کرتے رہیں گے جب تک ان کے پی سی آرٹیسٹ کی منفی رپورٹ نہیں آجاتی۔ ایک مرتبہ جب ان کا منفی ٹیسٹ ہوگا تو وہ ذاتی طور پر کام پر واپس آجائیں گے۔بائیڈن نے اپنی کام کرتے ہوئے ایک تصویر ٹویٹ کی ہے اور کہا کہ وہ ’’بہت اچھا محسوس کررہے ہیں‘‘اور ’’مصروف‘‘ ہیں۔انھوں نے ٹویٹرپرایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے۔امریکی صدر کے معالج ڈاکٹر کیون اوکونر نے ایک خط میں کہا ہے کہ بائیڈن کو ہلکی علامات کا سامنا ہے۔ان میں زیادہ تر ناک بہنا (رائنوریا)،تھکاوٹ اوروقفے وقفے سے خشک کھانسی نمایاں ہیں۔ان میں یہ علامات کل شام سے ظاہرہونا شروع ہوئی تھیں۔اوکونر نے مزید کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ صدر بائیڈن فائزر کی دوا پیکسلوویڈ کے استعمال کے بعد مثبت ردعمل ظاہر کریں گے۔

Related Articles