آرجے ڈی سپریمو کی رہائی کا راستہ صاف ، جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے دی ضمانت

رانچی، اپریل۔راشٹریہ جنتا دل کے سپریمو لالو پرساد کو بڑی راحت ملی ہے بیماری اور سزا کا ایک ساتھ سامنا کر رہے لالو پرساد کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے یہ راحت ملی ہے جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے ڈورنڈا ٹریژری کیس میں سزا کاٹ رہے آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد کو ضمانت دے دی ہے جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے 10 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے پر لالو کو ضمانت دی ہے عدالت نے سی بی آئی کی اس دلیل کو مسترد کر دیا کہ لالو پرساد نے ڈورنڈا خزانے سے غیر قانونی نکالنے سے متعلق کیس میں آدھی سزا پوری نہیں کی ہے۔ عدالت نے لالو پرساد کو آدھی سزا مکمل کرنے اور مختلف بیماریوں اور عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے ضمانت دی ہے۔لالو پرساد کو ڈورنڈا ٹریژری سے غیر قانونی رقم نکالنے کے معاملے میں ہائی کورٹ سے ضمانت ملی ہے۔ اس سے پہلے لالو پرساد کو چار دیگر مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے۔ اس وقت وہ عدالتی حراست میں دہلی کے ایمس میں زیر علاج ہیں۔ سزا سنائے جانے کے بعد لالو کی صحت ریمس میں بگڑ گئی جس کے بعد انہیں دہلی لے جایا گیا۔ تب سے وہ وہاں عدالتی حراست میں زیر علاج ہیں۔ اس کے علاوہ پٹنہ میںبھی چارہ گھوٹالہ کا ایک معاملہ زیر التوا ہے جس میں لالو ملزم ہیں۔اس سے قبل عدالت میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے سی بی آئی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ڈورنڈا خزانے سے غیر قانونی رقم نکالنے سے متعلق کیس میں لالو پرساد کی سزا کا نصف ابھی تک پورا نہیں ہوا ہے، ایسی صورت میں انہیں ضمانت دینا مناسب نہیں ہو گا۔ لالو پرساد کی ضمانت کی عرضی ہائی کورٹ کے جسٹس اپریش کمار سنگھ کی عدالت میں سماعت کے لیے درج تھی۔ سماعت کے بعد سی بی آئی کی دلیل کو مسترد کر دیا گیا۔درخواست گزار کے وکیل کی طرف سے داخل کی گئی درخواست میں لالو پرساد کی بیماری، عمر اور جیل میں آدھی سزا کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی درخواست کی گئی تھی۔ اس سے قبل کی سماعت میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے عرضی میں غلطی کو دور کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی سی بی آئی کو بھی اپنا جواب داخل کرنے کو کہا گیا تھا۔ غور طلب ہے کہ مشہور چارہ گھوٹالہ کے سب سے بڑے معاملے میں سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے لالو پرساد کو مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ لالو پرساد کی جانب سے سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ضمانت کی درخواست بھی دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

 

Related Articles