شیو پال نے بنائی تنظیم نو ، کہا ہمارا کسی کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں
لکھنو: ستمبر۔شیو پال یادو نے سماج وادی پارٹی کے اصل ووٹ یادو کواپنے پالے میں کرنے کے لئے اب یادوکل پرن جاگرن مشن تشکیل دیا ہے اور انہوں نے حکومت کے سامنے مطالبہ کیا ہے کہ فوج میں اہیر رجمنٹ کی تشکیل کی جائے۔ اس مطالبہ کے ذریعے انہوں نے ایس پی پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ نئی تنظیم غیر سیاسی ہے اور کسی جماعت کی حمایت یا مخالفت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی کو نقصان پہنچانا نہیں ہے۔شیو پال یادو نے جمعرات کو سابق ایم پی ڈی پی یادو، بھرت گاندھی، سابق شیام کشور یادو، سابق ایم ایل اے وجے سنگھ یادو، سابق ایم ایل اے رامپال یادو، پی ایس پی کے ریاستی صدر آدتیہ یادو کی موجودگی میں اس مشن کا اعلان کیا۔ شیو پال یادو نے کہا کہ ہم یہاں یادوونش جاگرن مشن کے تحت جمع ہوئے ہیں۔ ہم مل کر سماجی انصاف کے لیے لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آہیر رجمنٹ بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لیے ایم ایس پی کا قانون بنایا جائے۔ 18 سال سے اوپر کے تمام نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں یا 8000 ماہ کا اعزازیہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کے تحت یادو، کرمی اور لودھ سمیت تمام پسماندہ طبقات کے مفادات کے لیے جدوجہد کی جائے گی۔ یہ تنظیم نہ صرف اتر پردیش بلکہ ملک کی مختلف ریاستوں بشمول بہار، جھارکھنڈ، راجستھان اور تمل ناڈو میں چلائی جائے گی۔ ڈی پی یادو نے کہا کہ ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں۔ ہم فوج میں اہیر رجمنٹ کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بھارت گاندھی نے کہا کہ ذات پات کی مردم شماری ہر جگہ ہونی چاہیے۔