شراب بندی کے نفاذ کی وجہ سے گذشتہ پانچ سالوں میں جے ڈی یو کو ملنے والے عطیات میں غیر معمولی اضافہ : گری راج
پٹنہ اگست۔مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر گری راج سنگھ نے آج الزام لگایا کہ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) واحد پارٹی ہے جس کی آمدنی بہار میں شراب بندی قانون کے نفاذ کے بعد پانچ سالوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ بدھ کو یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے الزام لگایا کہ بہار میں شراب پر پابندی کے بعد ریاستی حکومت کو ملنے والے تمام محصولات شراب مافیاؤں کو جاتے ہیں، جس کا استعمال جے ڈی یو کو چلانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ آج شراب بندی قانون ہٹے گا ، کل جے ڈی یو ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ شراب پر پابندی کے بعد جے ڈی یو کے عطیات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر مسٹر سنگھ نے شراب بندی کے بعد پانچ سالوں میں جے ڈی یو کو ملنے والے عطیات کے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں، جس میں انہوں نے پارٹی کو سال 2016-17 سے 2020-21 تک کے عطیات کے بارے میں بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کس طرح جے ڈی یو کا چندہ پانچ سالوں میں 359 لاکھ روپے سے بڑھ کر آج 6,531 لاکھ روپے ہو گیا ہے۔ جہاں پارٹی کی آمدنی 2016-17 میں 359 لاکھ روپے تھی، وہیں سال 2020-21 میں یہ رقم بڑھ کر 6,531 ہو گئی۔ یہ تب ہے جب بہار میں کوئی بڑی صنعت نہیںلگی۔ صاف ظاہر ہے کہ شراب مافیاؤں نے یہ چندہ جے ڈی یو کو دیا تاکہ شراب بندی کے نام کا ڈھونگ جاری رہے۔