سی ٹی اسکین سے بلڈ پریشر کی وجہ اور علاج میں کامیابی
کیمبرج،جنوری۔ انسانی جسم میں ہارمون کے بعض غدود کی سرگرمی سے مستقل بلڈ پریشر کا عارضہ لاحق رہتا ہے۔ برطانوی ماہرین نے صرف 10منٹ کے سی ٹی اسکین سے ان غدود کی شناخت اور علاج کا بالکل نیا طریقہ دریافت کیا ہے۔کوئن میری ہسپتال، جامعہ کیمبرج اور بارٹس ہسپتال کے ڈاکٹرز نے ایک نئی قسم کا سٹی ٹی اسکین وضع کیا ہے جو ہارمون کے غدود پر بڑھنے والے ریشوں پر روشنی پھینک سکتا ہے اور پھر انہیں نکال باہر کرکے بلند فشارِ خون (ہائی بلڈ پریشر) کا علاج کیا جاسکتا ہے۔ تحقیق نیچر میڈیسن میں شائع ہوئی ہے جس نے طب کو درپیش 60سالہ مسئلہ حل کردیا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا 20میں سے ایک مریض کے انہی غدود پر یہ ابھار (نوڈیولز) ہوتے ہیں۔ اس سے قبل ڈاکٹر ان کی تشخیص اور نکال باہر کرنے کی سرتوڑ کوششیں کرتے رہے اور ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔اس مطالعیمیں شامل افراد اوسطاً 128ہائی بلڈ پریشر کے شکار تھے اور اسٹرائیڈ ہارمون کی وجہ سے ایسا ہورہا تھا۔ ماہرین نے سی ٹی اسکین کی مدد سے دیکھا کہ دو تہائی مریضوں میں ’ایلڈوسٹیرون‘ ہارمون کا افراز کچھ زیادہ ہے جو ان کے بدن کے ایک غدے (گلینڈ) سے آرہا تھا جسے ایڈرینل گلینڈ کہا جاتا ہے۔ ماہرین نے اس گلینڈ کے اوپر باریک ابھار نوٹ کئے۔ جب ان ابھار کو نکالا گیا تو مریضوں کا بلڈ پریشر قابو میں آنے لگا۔لیکن وضع کردہ طریقہ بہت پیچیدہ اور بالکل نیا بھی ہے۔ اسکین کے دوران ایک تابکار (ریڈیو ایکٹو) ڈائی ’میٹومائڈیٹ‘ غدے پر ڈالی جاتی ہے جو باریک ابھار سے چپک کر روشنی خارج کرکے اس کی نشاندہی کرتی ہے۔ پھر اسے کامیابی سے نکال باہر کیا جاتا ہے۔ یہ طریقہ روایتی علاج کے مقابلے میں تیربہدف اور مؤثر ثابت ہوا ہے جس میں وقت کم لگتا ہے اور تکلیف بھی کم ہوتی ہے۔