سی بی آئی کا غلط استعمال کرکے کیجریوال کی آواز دبائی جارہی ہے: آتشی

نئی دہلی، اپریل ۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی سینئر لیڈر آتشی نے ہفتہ کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ناکامیوں اور ان کے دوستوں کی بدعنوانی کو بے نقاب کرنے والے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال واحد لیڈر ہیں، اسی لیے مودی حکومت ان کی آواز کو دبانے کے لیے بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کا غلط استعمال کررہی ہے۔محترمہ آتشی نے آج نامہ نگاروں سے کہا سی بی آئی نے مسٹر کیجریوال کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ کو صرف اس لیے طلب کررہی ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ناکامی کو پورے ملک میں بے نقاب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا، “مرکزی حکومت کی تفتیشی ایجنسی اروند کیجریوال کو طلب کر رہی ہے کیونکہ وہ مسٹر کیجریوال کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ ملک کے واحد لیڈر ہیں جو مسٹر مودی کی ناکامیوں اور ان کے دوستوں کی بدعنوانی کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا، جن وعدوں کے ساتھ مسٹر مودی اقتدار میں آئے تھے وہ کھوکھلے ثابت ہوئے۔ دوسری طرف مسٹر کیجریوال نے مرکزی حکومت کی ان ناکامیوں کو ملک کے سامنے رکھا کہ مودی حکومت کے آنے کے بعد مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے اور اس کی وجہ سے آج ملک کا ہر عام آدمی پریشان ہے۔ ملک میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور یہ سب مودی جی کے دور حکومت کی ناکامی کا نتیجہ ہے ۔محترمہ آتشی نے کہا کہ پچھلے چھ سالوں میں پٹرول کی قیمت میں 100% اضافہ ہوا ہے۔ پورے ملک میں صحت کے نظام کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے۔ اسپتال میں ڈاکٹر نہیں، آئی سی یو میں بیڈ نہیں اور بچوں کے لیے اسکول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں نوجوانوں کے لیے نہ کالج ہے اور نہ ہی روزگار، آج پورے ملک میں پانچ کروڑ نوجوان بے روزگار ہیں اور یہ سب گزشتہ 10 سالوں میں ملک کو مسٹر مودی کا تحفہ ہے۔

 

Related Articles