سہارنپور:ایک کروڑ روپئے مالیت کی منیشات ضبط، دو اسمگلر گرفتار
سہارنپور:دسمبر۔اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں اسپیشل ٹاسک فورس(ایس ٹی ایف) میرٹھ کی ٹیم نے دو اسمگلروں مہتاب اور شاہنواز سے ایک کلو 700گرام اسمیک ضبط کیا ہے۔ جس کی عالمی بازار میں قیمت ایک کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔چلکانہ تھانہ انچارج ستیندر کمار رائے نے ہفتہ کو بتایا کہ ایس ٹی ایف ٹیم نے چلکانہ تھانہ علاقے میں مہتاب اور شاہنواز کی گھیرا بندی کر کے انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ مہتاب سہارنپور میں اسمیک فروخت کا کاروبار کرتا ہے۔ اس نے پوچھ گچھ میں پولیس کو بتایا کہ وہ اسمیک بریلی کے ببلو سے منگواتا ہے۔پولیس کے مطابق ببلو کا نام پہلے بھی اسمیک اسمگلنگ میں سامنے آیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مہتاب بریلی سے اسمیک لانے کا کام کرتا تھا اور ہر بار میں اسے اسمیک لانے کے عوض میں دس ہزار روپئے ملتے تھے۔ مہتاب نے پولیس کو بتایا کہ وہ بریلی کے بھوجی پورا سے 30نومبر کواسمیک لایا تھا۔