سپریم کورٹ کا اعظم خان کو عبوری ضمانت دینے سے انکار
نئی دہلی، فروری۔ سپریم کورٹ نے منگل کو سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اعظم خان کو عبوری ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ جسٹس ایل ناگیشور راؤ کی سربراہی والی بنچ نے اتر پردیش حکومت کے سابق وزیر اعظم خان کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے عبوری ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ بنچ نے عرضی گزار کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل سے کہا کہ وہ (اعظم خان) ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر سکتے ہیں جس میں ضمانت کی درخواست کی جائے اور جلد سماعت کی جائے ۔مسٹر خان نے اپنی درخواست میں ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت پر الزام لگایا تھا کہ وہ جان بوجھ کر ان سے متعلق عدالتی مقدمات کی پیش رفت میں تاخیر کر رہی ہے ۔ اس وجہ سے انہیں عبوری ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑا۔مسٹر خان نے الزام لگایا کہ مقدمات کی قانونی کارروائی کو آگے نہ بڑھانے کے پیچھے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کا مقصد انہیں آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا تھا۔سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان نے جنوری میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ اس کے خلاف ریاست میں کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں اور وہ عدالتی حراست میں جیل میں بند ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ان کے بیٹے عبداللہ خان بھی کئی مقدمات میں تقریباً دو سال تک عدالتی حراست میں جیل میں رہے ۔ وہ حال ہی میں ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔ رہائی کے بعد اپنے آبائی ضلع رام پور پہنچنے پر عبداللہ نے میڈیا کو اپنے بیان میں اپنے والد کی جان کو خطرہ ہونے کا سنسنی خیز الزام لگایا تھا۔