سپریم کورٹ نے کووڈ معاوضہ میں تیزی کے لئے نوڈل افسر مقرر کرنے کی ہدایت دی

نئی دہلی، فروری۔سپریم کورٹ نے کورونا وبا سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو ایک طے شدہ مدت کے دوران معاوضہ دینے کا عمل تیز کرنے کے لئے جمعہ کو ریاستی حکومتوں کو احکامات دیئے۔جج ایم آر شاہ کی صدارت والی سنگل بنچ نے ریاستوں سے کہاکہ کووڈ۔19سے ہوئی اموات کی تفصیلات اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی (ایس ایل ایس اے) کود ستیاب کرائیں تاکہ معاوضہ دینے کے عمل میں تیزی لائی جاسکے اور اہل کنبوں کو رقم جلد دی جائے۔ عدالت نے اس کے لئے تمام ریاستوں کو ایک ایک نوڈل افسر (جو ڈپٹی سکریٹری کی سطح سے نیچے کا نہ ہو) مقرر کرنے کیلئے کہا ہے۔بنچ نے کہاکہ اگر ایس ایل ایس اے کے رکن۔سکریٹری کو کسی بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ ریاست کی طرف سے مقررنوڈل افسر سے رابطہ کرکے مدد لے سکتے ہیں۔عدالت عظمی نے ریاستوں کی طرف سے بڑی تعدا د میں معاوضہ سے متعلق دعووں کو خارج کرنے کے سلسلہ میں زور دیکر کہا کہ تکنیکی طورپر کسی بھی دعوے کو خارج نہیں کیا جانا چاہئے اور نقص والی درخواستوں کے معاملہ میں ضروری اصلاح کا موقع دیا جانا چاہئے۔عدالت عظمی نے تمام ریاستوں سے کہاکہ درخواست آف لائن ہو یا آن لائن، تمام کا نپٹارہ اہلیت کی بنیاد پر کیا جائے۔ عدالت نے کہاکہ تمام ریاستیں دعووں سے متعلق درخواست ہونے کے دس دنوں کے اندر نپٹاتے ہوئے معاوضہ کی ادائیگی کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔عدالت عظمی نے کہاکہ بال سوراج پورٹل پر اپ لوڈ کی گئی معلومات کے سلسلہ میں ایس ایل ایس اے کو مکمل تفصیلات آج سے ایک ہفتہ کے ند ر فراہم کرنے کی ہدایت دی۔بنچ نے آف لائن ذریعہ سے موصول معاوضہ کے دعووں سے متعلق درخواستوں کو مبینہ طورپر خارج کرنے پر مہاراشٹر حکومت کی سرزنش کی اور خارج کئے گئے دعووں کے سلسلہ میں ایک ہفتہ کے اندر جائزہ لیکر مکمل تفصیلات رکن۔سکریٹری (ایس ایل ایس اے) کو مقرر ہ وقت کے اندر دستیاب کرانے کیلئے کہا۔وکیل گورو کمار بنسل نے مفاد عامہ کی عرضی پر کووڈ۔19سے مرنے والے لوگوں کے اہل خانہ کو مکمل معاوضہ دینے کی ہدایت دینے کی درخواست کی۔

 

Related Articles