سنکرانتی کے بعد پوچھ گچھ کیلئے حاضرہونے پائلٹ روہت ریڈی کا ای ڈی کو مکتوب
حیدرآباد, دسمبر۔تلنگانہ کی حکمران جماعت بی آرایس کے ارکان اسمبلی کوخریدنے کی کوشش کے معاملہ کے شکایت کنندہ رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی)کو مطلع کیا ہے کہ وہ آج پوچھ گچھ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ وہ ایپا کے لباس میں ہیں۔اس خصوص میں انہوں نے ایک مکتوب مرکزی ایجنسی کو روانہ کیا۔یہ مکتوب انہوں نے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو سے ان کے کیمپ آفس پرگتی بھون میں ملاقات کے بعد روانہ کیا۔قبل ازیں ای ڈی نے منشیات معاملہ میں پائلٹ روہت ریڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھ گچھ کے لئے حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔یہ نوٹس ان کے ساتھ ساتھ اداکارہ رکُل پریت سنگھ کو بھی جاری کی گئی تھی۔ایجنسی، گذشتہ چار سال سے اس معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔یہ منشیات کامعاملہ 2017میں تلنگانہ کے محکمہ آبکاری ونشہ بندی کی جانب سے سامنے لایاگیاتھا۔موجودہ معاملہ، ای ڈی کی جانب سے درج کیاگیاکیونکہ مختلف ذرائع سے منشیات کی اسمگلنگ کے معاملہ میں رقم کا بھی زاویہ اس میں شامل ہونے کا مرکزی ایجنسی کو پتہ چلا ہے۔پائلٹ روہت ریڈی نے وزیراعلی سے ملاقات کے بعد ای ڈی کو مطلع کیا کہ وہ آج کی پوچھ گچھ میں شرکت نہیں کریں گے۔ روہت ریڈی نے ای ڈی کی جانب سے اس معاملہ میں پوچھ گچھ کے لیے انہیں مختصر نوٹس دینے پر بھی اعتراض کیا۔ وزیرموصوف نے اپنے پی اے شراون کے ذریعہ ای ڈی کے دفتر کو ایک مکتوب بھیجا جس میں کہا گیا کہ وہ سنکرانتی کے بعد پوچھ گچھ کے لیے آئیں گے کیونکہ وہ ایپا شردھالو ہیں۔