سمندر میں تیرتے مستقبل کے یہ گھر خریدنا پسند کریں گے؟

پاناما،اگست۔تصور کریں ایسی دنیا کا جہاں لوگ ایسے جدید اور پرتعیش گھروں میں مقیم ہوں جو سمندر کی سطح سے ساڑھے 7 فٹ بلندی پر تیر رہے ہوں۔اگر یہ خواب لگتا ہے تو جان لیں کہ اس کی تعبیر جلد سامنے آنے والی ہے۔2022 کے آخر میں یہ گھر متعارف کرائے جارہے ہیں جو پاناما سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی اوشین بلڈرز تیار کررہی ہے۔ان ‘انقلابی’ گھروں کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا جبکہ ضروری اشیا کی فراہمی کے لیے ڈورنز کو استعمال کیا جائے گا۔کمپنی نے انہیں دنیا کے لیے ماحول دوست آرام دہ گھر قرار دیا ہے اور یہ 3 مختلف ماڈلز میں دستیاب ہوں گے۔سی پوڈ، گرین پوڈ اور ایکو پوڈ ماڈلز تیار کیے جائیں گے جن میں ایکو پوڈ سب سے کم قیمت گھر ہوں گے جبکہ سی پوڈ مہنگے ترین۔ان گھروں میں بارش کا پانی اکٹھا کرنے والی چھت ہوگی اور ہر گھر بڑی کھڑکیوں، لیونگ روم، ایک بیڈروم اور 1250 اسکوائر فٹ کے اسٹوریج اسپیس سے لیس ہوگا۔ابتدائی طور پر یہ گھر پاناما کے ساحلوں پر تیار کیے جائیں گے مگر کمپنی انہیں دنیا بھر کے سمندروں میں تعمیر کرنا چاہتی ہے۔کچن اور کھانے کی جگہ کو اوپن ائیر روم میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔کمپنی کی جانب سے تمام ماڈلز کی قیمتوں کا اعلان تو نہیں کیا گیا مگر سی پوڈ کی قیمت 2 لاکھ 95 ہزار سے 15 لاکھ ڈالرز کے درمیان ہوگی جس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ صارف اس میں کیا کچھ چاہتا ہے۔ایسے 100 گھر 2023 کے آخر تک صارفین کو دستیاب ہوں گے جبکہ کمپنی مزید ایک ہزار گھر 2024 میں تعمیر کرنے کی خواہشمند ہے۔

 

Related Articles