سمندری طوفان ’شاہین‘ اتوار کی صبح عْمان کی ساحلی حدود میں داخل ہوگا

عمان،اکتوبر۔اردن میں قائم عرب موسمیاتی سروس کے مطابق سمندری طوفان’’شاہین‘‘اتوار کی صبح سلطنت عْمان کے ساحل سے ٹکرائے گا۔عرب موسمیاتی سروس کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان شاہین کے عْمان پرتو براہ راست اثرات مرتب ہوں گے لیکن اس کے باوجود اس کے سعودی عرب جیسے پڑوسی ممالک پر اثرات مرتب ہونے کا کم امکان ہے۔عْمان کی شہری ہوابازی کی ایجنسی نے کہا ہے کہ قومی قدرتی آفات پیشگی انتباہی مرکز کی تازہ سیٹلائٹ تصاویر اور موسمی چارٹس کے تجزیے سے پتا چلا ہے کہ سمندری طوفان ’’شاہین‘‘ شدت اختیار کرچکا ہے اور اب وہ سمندری طوفان کی کیٹگری ایک میں شامل ہے۔یہ سمندری طوفان بحیرہ عمان کے ساحلی علاقوں کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے اوراس کی رفتار 118 سے 151 کلومیٹر فی گھنٹا کے درمیان ہے۔اس طوفان کا مرکز مسقط گورنری سے قریباً 200 کلومیٹر دورہے اورطوفان سے بننے والے بادل قریباً 80 کلومیٹر دورہیں۔توقع ہے کہ طوفان اتوار کی صبح مسقط سے شمال میں واقع البطینہ گورنری تک ساحلی علاقوں پر براہ راست اثرانداز ہوگا۔اس کے نتیجے میں تیز ہوائیں چلیں گی اور200 سے 600 ملی میٹرتک موسلا دار بارش ہوگی جس کے نتیجے میں شمالی البطینہ، جنوبی البطینہ، مسقط، الظہیرہ، البریمی اورالداخلیہ کی گورنریوں میں شدید سیلاب کا خطرہ ہے۔ادھر متحدہ عرب امارات میں موسمیات کا قومی مرکز صورت حال پرنظر رکھے ہوئے ہے اورامارات کے میکنوں کو موسمی صورت حال سے متعلق تازہ معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) کا کہنا ہے کہ ہرقسم کے موسمی حالات پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے تیار ہیں اور ان کے درمیان مسلسل ابلاغ کی بدولت تمام اثرات سے جلد اور پیشہ ورانہ طور پر نمٹا جائے گا کیونکہ لوگوں کے جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔این سیما کاکہنا ہے کہ موسمیات کا قومی مرکز چوبیس گھنٹے طوفان کی صورت حال پرنظر رکھے ہوئے ہے۔اس نے عوام پر زوردیا ہے کہ وہ اس کے جاری کردہ بلیٹنوں اور رپورٹوں پر عمل کریں اوربراہِ کرم مجازحکام کی ہدایات اور تنبیہات پرتوجہ دیں۔نیز اس بات کو یقینی بنائیں کہ موسمی حالات کے بارے میں پھیلائی جانے والی کسی بھی افواہ کان نہ دھریں۔عمان میں حکام نے سمندری طوفان شاہین کی وجہ سے خراب موسمی حالات کے پیش نظر اتوار اور پیر (3 اور 4 اکتوبر) کو ملک بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔عمان کی خبررساں ایجنسی نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’3 اور 4 اکتوبر 2021 کو سلطنت میں نامساعد آب وہوا کے حالات کے پیش نظر ظفاراورالوسطیٰ کی گورنریوں کے سوا ریاستی انتظامی محکموں، دیگر قانونی اداروں اور نجی شعبے کے اداروں کے ملازمین کے لیے سرکاری تعطیل ہوگی۔‘‘عرب موسمیات نے مزید بتایا کہ طوفان کے سعودی عرب کے ربع الخالی کی طرف بڑھنے کا امکان ہے جبکہ دیگر موسمیاتی اداروں نے کہا ہے کہ یہ طوفان عمان پراثرانداز ہونے کے بعد خلیج عرب کی طرف بڑھے گا اوراس سے قطر بھی متاثر ہوسکتا ہے۔سکاٹش ماہر موسمیات اسکاٹ ڈنکن کے مطابق جدید ریکارڈ میں شاہین خلیج عمان میں داخل ہونے والا دوسرا بڑا طوفان ہے۔

Related Articles