سعودی ولی عہد نے مسجد نبوی ؐ کے قریب ’رؤی المدینہ‘ منصوبہ کا افتتاح کردیا

مدینہ،اگست۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مسجد نبویؐ کے مشرق میں واقع ’رؤی المدینہ‘ منصوبہ کے ماسٹرپلان کا افتتاح کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی نے بدھ کے روزخبردی ہے کہ اس منصوبے سے مدینہ منورہ میں اقامت گاہوں کی گنجائش میں اضافہ ہوگا اورشہر کے ہوٹل عمرہ سیزن کے دوران میں تین کروڑسے زیادہ زائرین کی میزبانی کر سکیں گے۔یہ منصوبہ مملکت کے ویڑن 2030ء کے اہداف سے مطابقت رکھتا ہے۔اس منصوبہ پرسعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) کے تحت ’رؤی المدینہ‘ ہولڈنگ کمپنی عمل درآمد کررہی ہے۔یہ کمپنی مدینہ منورہ میں ترقی، آپریشن اور رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری میں مہارت رکھتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس منصوبہ پراعلیٰ ترین بین الاقوامی معیارکے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا۔اس کا مقصد مدینہ منورہ کی ایک جدید اسلامی اور ثقافتی منزل کے طور پرپوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔اس کی تعمیروترقی سعودی قیادت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔اس منصوبے کی تکمیل کے بعد مدینہ منورہ میں ہوٹلوں کے کمروں کی تعداد میں 47,000 کا اضافہ ہوگا،مزید کھلی اور سبز جگہیں ہوں گی اور وہ پندرہ لاکھ مربع میٹر کے کل زمینی رقبے کا 63 فی صد بنتی ہیں۔اس منصوبے میں ٹرانسپورٹ کے مختلف مراکز شامل ہوں گے۔ان میں نو بس اسٹاپ، ایک میٹرواسٹیشن، خودکار چلنے والی گاڑیوں کے لیے ٹریک اوراپنی ذاتی گاڑیوں میں سفرکرنے والوں کے لیے زیرزمین پارکنگ شامل ہے۔

Related Articles