سعودی عرب نے الریاض میں عالمی نمائش 2030 کی میزبانی کی باضابطہ درخواست جمع کرادی

الریاض ،ستمبر ۔ سعودی عرب نے الریاض میں ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے اپنی جامع درخواست کی فائل باضابطہ طور پر جمع کرا دی ہے۔اس عالمی نمائش کی میزبانی کے لیے اس کا تین دیگر ممالک کے ساتھ مقابلہ ہے۔شاہی کمیشن برائے الریاض شہر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) فہدالرشید کی قیادت میں سعودی وفد نے بدھ کے روز فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بیوروانٹرنیشنل ڈیس ایکسپوزیشنز (بی آئی ای) کے سیکرٹری جنرل دیمیتری کرکینٹزس کوحقِ میزبانی کے حصول کے لیے تفصیلی دستاویزات (ڈوزیئرز) پیش کی ہیں۔اس عالمی نمائش کے انعقاد کے لیے سعودی عرب کا جمہوریہ کوریا، اٹلی اور یوکرین کے ساتھ مقابلہ ہے۔ بی آئی ای کی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب یکم اکتوبر2030 سے 31 مارچ 2031 تک الریاض میں ورلڈ ایکسپو کی میزبانی کا امیدوارہے۔اس کا موضوع ’’تبدیلی کا دور:ایک دوراندیش کل کے ساتھ‘‘ہے۔بی آئی ای نے کہا کہ میزبانی کی دستاویزات کی پیش کش ہرامیدوار ملک کے لیے امیدواری کے عمل کے مجوزہ آزمائشی مرحلے میں داخل ہونے کا ایک اہم اور لازمی اقدام ہے۔ان دستاویزات میں ایکسپو کے ہر منصوبہ کی تفصیل شامل ہے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ان دستاویزات میں عالمی امیدواروں کے وڑن کا خاکا پیش کیا گیا ہے اور مجوزہ جگہ پران کے منصوبوں کی تفصیل بیان کی گئی ہے جہاں یہ تقریب منعقد کی جائے گی اور وہ جس موضوع پر عمل کریں گے۔ فائل میں زائرین کی تعداد، منصوبے کی مالی معاونت اور لاگت کے بارے میں بھی ممالک کا تخمینہ مقررکیا گیا ہے۔آزمائشی مرحلے کے اختتام پر بی آئی ای کے رکن ممالک ایک ملک،ایک ووٹ کے اصول پر ورلڈ ایکسپو 2030 کے میزبان ملک کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کریں گے۔ اعلان میں کہا گیا ہے کہ بی آئی ای کی آیندہ جنرل اسمبلی نومبر2023 میں ہوگی۔سعودی عرب نے پہلی بار اکتوبر 2021 میں الریاض میں ورلڈ ایکسپو 2030 کے انعقاد کی درخواست ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے بی آئی ای کو لکھے گئے ایک خط میں پیش کی تھی۔اگرنمائش بیورو مملکت کی بولی قبول کرلیتا ہے تو سعودی عرب ایکسپو2030 کی میزبانی ایک ایسے وقت میں کرے گا جو ولی عہد کے ویڑن 2030 کے تحت منصوبوں کی تکمیل کا بھی سال ہوگا۔

 

 

Related Articles