سری دیوی نے ڈاکٹرز کی ہدایات کے باوجود بھی اپنی صحت کو داؤ پر کیوں لگایا؟
ممبئی،اکتوبر۔بالی ووڈ کی اْبھرتی ہوئی اداکارہ جھانوی کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی آنجہانی والدہ، اداکارہ سری دیوی نے ڈاکٹرز کی ہدایات کے باوجود بھی نان ویج کھانا چھوڑ دیا تھا۔جھانوی کپور نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے والد، فلمساز بونی کپور کی سگریٹ نوشی کی عادت کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ صرف بونی کپور کی سگرٹ نوشی کی عادت کو چھڑانے کے لیے سری دیوی نے ڈاکٹرز کی ہدایات کے باوجود بھی نان ویج کھانا چھوڑ دیا تھا۔اْنہوں نے بتایا کہ ’میری والدہ صرف پاپا کی سیگرٹ نوشی کی عادت چھڑانے کے لیے ویجیٹیریئن بن گئی تھیں‘۔اْنہوں نے مزید بتایا کہ’ماما نے پاپا سے کہا کہ میں نان ویج نہیں کھاؤں گی جب تک آپ سگریٹ نوشی نہیں چھوڑیں گے جبکہ ڈاکٹرز نے ماما کو نان ویج کھانے ہدایت کی تھی کیونکہ وہ بہت زیادہ کمزوری ہوگئی تھیں تو ماما کی اس ضد پر پاپا نے ان کی منتیں کیں کہ وہ نان ویج کھانا نہ چھوڑیں‘۔جھانوی کپور نے والد کی سگریٹ نوشی کی عادت سے جْڑا ایک اور دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ’میں اور میری چھوٹی بہن خوشی پاپا کی سگریٹس کو کاٹ دیتے تھے اور میں سگریٹ کو کھول کر اس میں ٹوتھ پیسٹ لگا دیا کرتی تھی‘۔کام کے حوالے سے بات کریں تو اپنی نئی آنے والی فلم’ملی‘ میں جھانوی کپور اداکار سنی کوشل کے ساتھ نظر آئیں گی جوکہ رواں سال 4 نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔