سابق وزیر یعقوب قریشی کو عدالتی تحویل میں جیل بھیجا گیا

میرٹھ/نئی دہلی:جنوری۔اترپردیش کی بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)حکومت میں وزیر رہے یعقوب قریشی اور ان کے بیٹے عمران قریشی کو پولیس نے دہلی سے گرفتار کر کے آج میرٹھ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا۔یعقوب کی گرفتاری پر پولیس نے 50 ہزار روپئے کے انعام کا اعلان کررکھا تھا۔پولیس نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ حاجی یعقوب قریشی اور ان کے بیٹے عمران قریشی دونوں کو دہلی کے چاندنی محل علاقے میں اپنے رشتہ دار کے یہاں ایک کرائے کے فلیٹ میں رہ رہے تھے۔ جنہیں ایس او جی کی ٹیم نے دہلی پولیس کے ساتھ مل کر جمعہ کی دیر رات گرفتار کرلیا۔ اس کی اطلاع ملتے ہی آج یہاں کھرکھودا تھانے کے آس پاس حاجی یعقوب کے حامیوں اور بی ایس پی کارکنوں کی کثیر تعداد میں بھیڑ جمع ہوگئی۔ایس پی (کرائم) امت کمار نے بتایا کہ حاجی یعقوب قریشی اور عمران قریشی کو کھرکھودا تھانے میں رکھا گیا تھا۔ جہاں ان سے پوچھ گچھ کے بعد میرٹھ کی عدالت میں پیش کیاگیا۔ عدالت میں پیش ہونے کے بعد دونوں کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ پہلے ہی دونوں پر پولیس نے 50ہزار روپئے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ کھرکھودا کے علی پور واقع میٹ کمپنی الفہیم میٹیکس پرائیویٹ لمیٹیڈ میں بغیر اجازت کے میٹ پیکجنگ اور پروسیسنگ کے الزام میں 31مارچ 2022 کو سابق وزیر قریشی کے بیٹے عمران، فیرو ز اور بیوی سمیت 17افراد پر کھرکھود تھانے میں مقدمہ درج کرایاگیا تھا۔اس معاملے میں یعقوب قریشی کے دوسرے بیٹے فیروز کو پہلے ہی گرفتار کر کے جیل بھیجا جاچکا ہے۔ جبکہ حاجی یعقوب قریشی اور عمران فرار چل رہے تھے اور پولیس سے بچنے کے لئے راجستھان سمیت دہلی میں ٹھکانے بدل۔بدل کررہ رہے تھے۔

Related Articles