ریل اینڈ میری ٹائم یونین نے اگلے ماہ مزید3 ہڑتالوں کا اعلان کر دیا

لندن ،اکتوبر۔ آر ایم ٹی (ریل اینڈ میری ٹائم) یونین نے تنخواہوں اور شرائط کے جاری تنازع پر مزید ہڑتالوں کا اعلان کیا ہے۔ آر ایم ٹی کے مطابق آر ایم ٹی کے ارکان اپنے مطالبات کے حق میں 3،5اور7نومبر کو مزید ریل ہڑتالیں کریں گے۔ بی بی سی کے مطابق یونین کے اس اعلان کی وجہ سے گزشتہ ہفتے ہڑتالوں سے پیدا ہونے والے تعطل جیسی رکاوٹ کا خطرہ ہے۔ آر ایم ٹی یونین کے جنرل سیکرٹری مک لنچ نے نیٹ ورک ریل پر مذاکرات میں بددیانتی کا الزام لگایا ہے جبکہ نیٹ ورک ریل کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اپنے سٹاف کو دو سال کیلئے8فیصد پے اضافہ آفر کرنے کی ڈیل میز پر موجود ہے اور ہم اس اضافے کیلئے تیار ہیں۔ الگ الگ تنازعات میں لندن انڈر گرائونڈ اور لندن اوور گرائونڈ میں آر ایم ٹی ریل ورکرز3نومبر کو ہڑتال کریں گے۔ برطانیہ میں گزشتہ کئی ماہ سے ریل ہڑتالوں کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ یونینز کا نیٹ ورک ریل، ٹرین فرمز اور حکومت کے ساتھ تنخواہوں اور شرائط پر تنازع چل رہا ہے۔ آر ایم ٹی یونین نے تازہ ترین ہڑتالوں کے حوالے سے کہا کہ نیٹ ورک ریل نے پہلے کی تنخواہ ھمیں اضافے کی آفر سے انکار کیا تھا اور ملازمتوں میں کٹوتی، مزید غیر سماجی اوقات اور روسٹرز میں نقصان دہ تبدیلیاں لاگو کرنے کی کوشش کی تھی۔ آر ایم پی نے نیٹ ورک ریل پر اپنی تنخواہ کی آفر اس سال 4 فیصد اور پھر اگلے سال 4 فیصد پر یو ٹرن لینے کا بھی الزام لگایا۔ نیز ان سے ملازمین اور ان کی فیملیز کیلئے بہت سے زبردست ڈسکائونٹ ٹریولز سمیت بہت سے فوائد سے بھی منہ موڑ لیا لیکن نیٹ ورک ریل اس سے اختلاف کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس نے درحقیقت کسی لازمی فالتوپن کی چھانٹی نہ کرنے کی گارنٹی کو مزید ایک سال جنوری 2025 تک بڑھا کر ایک بہتر پیشکش کی ہے۔ نیٹ ورک ریل کے چیف مذاکرات کار ٹم شوویلر نے کہا کہ بدقسمتی سے آر ایم ٹی کی لیڈر شپ ہماری آفر پر اپنے ارکان کو ووٹ کا حق دینے کے بجائے مزید نقصان دہ ہڑتالیں کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریل سیکٹر کے بجٹ میں 2 بلین پونڈ کا سوراخ ہے، جس میں بہت کم مسافر ہماری سروسز استعمال کر رہے ہیں۔

Related Articles