روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نہیں کر سکے گا، برطانیہ
لندن،فروری۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو وہ مئی میں شیڈول چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نہیں کر سکیں گے۔خبر وںکے مطابق یورپیئن چیمپیئنز لیگ کا فائنل اس سال 28مئی کو سینٹ پیٹرز برگ کے گزپروم ارینا میں منعقد ہونا ہے۔یہ دوسرا موقع ہو گا کہ روس چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی کرے گا جہاں اس سے قبل 2008 میں ماسکو میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور چیلسی کے درمیان کھیلا گیا تھا۔روس کی جانب سے مشرقی یوکرین میں امن فوج کے دستے بھیجنے کے اعلان کو بورس جانسن نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا کہ روس پر اس کے وسیع تر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ ولادمیر پیوٹن اس بات کو سمجھیں کہ وہ جو کر رہے ہیں وہ روس کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے ردعمل سے یہ واضح ہو چکا ہے کہ پیوٹن نے جو کچھ ڈونبس میں کیا ہے اس سے وہ روس کو غریب اور دنیا میں تنہا کر دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ روس جس کا دنیا میں فرعون کا درجہ ہو گا اسے کوئی بھی قبول نہیں کرے گا اور وہ روس جو دوسرے ممالک کی خود مختاری پر حملہ کرے گا، اس میں کوئی بھی ٹورنامنٹ کا انعقاد نہیں کرے گا۔یورپ میں فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے کہا ہے کہ وہ مستقل اور بغور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں لیکن فی الحال ان کا ایونٹ کے فائنل کا مقام بدلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔واضح رہے کہ روس نے مشرقی یوکرین کے علیحدگی پسند علاقوں کو تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وہاں روسی فوج کو بطور امن مشن تعینات کرنے کے لیے بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔عالمی طاقتوں نے روس کے اس اعلان پر مایوسی کا اظہار کیا تھا جبکہ امریکا اور برطانیہ نے اس عمل کی سختی سے مذمت کی ہے۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ روس کا اعلان ’بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے سدباب کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے ہیں۔