روس نے امریکی سیٹلائٹ تباہ کرنے کی دھمکی دے دی

ماسکو ،اکتوبر۔ یوکرین جنگ کے تناظر میں روس اور امریکا کا تنازع خلا تک پہنچ گیا۔ روس نے یوکرین جنگ کے حوالے امریکی سیٹلائٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اگر یہ سیٹلائٹ یوکرین میں روسی لڑائیوں میں استعمال کیے گئے تو ان کو نشانہ بنانے سے دریغ نہیں کریں گے۔ یہ دھمکی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے چند روز قبل اپنے روسی ہم منصب سرگئی شوئیگو کے ساتھ ایک فون کال میں یوکرین میں جاری جنگ کے دوران بھی امریکی روسی مواصلاتی ذرائع کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ رواں ماہ کے اوائل میں برطانوی فوج کے کمانڈر ایڈمرل ٹونی راڈاکن نے خبردار کیا تھا کہ روس مغرب کے خلاف خلا میں جنگ شروع کر سکتا ہے۔ ان کا خیال تھا کہ روس خلا کے میدان میں بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور وہ روایتی زمینی لڑائی سے ہٹ کر چاہے پانی کے اندر ہو یا آسمان پر وہ دوسرے محاذوں کا سہارا لے سکتا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپی ممالک کی جانب سے کیف حکومت کو عسکری امداد کے باعث زمینی جنگ خلا میں منتقل ہونے کے خدشات بڑھنے لگے ہیں۔واضح رہے 24فروری کو یوکرین کی سرزمین پر روسی فوجی آپریشن کے آغاز سے واشنگٹن نے کیف کا ساتھ دیا ہے اور اسے ہتھیاروں، میزائلوں اور دفاعی نظاموں کی مدد فراہم کی ہے۔

 

Related Articles