روسی صدر کی قریبی ساتھی عمارت سے گر کر ہلاک

ماسکو،فروری۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی قریبی ساتھی عمارت کی 16 ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق مرینا ینکینا (Yankina Marina ) روسی وزارت دفاع کے مالی معاونت کے شعبے سے وابستہ تھی۔ رپورٹس کے مطابق 58 سالہ مرینا ینکینا کی لاش سینٹ پیٹرزبرگ کے علاقے میں رہائشی کمپلیکس کے فرش پر پڑی تھی جس کو ایک راہگیر نے شناخت کیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق مرینا ینکینا کو یوکرین جنگ کیلئے فنڈنگ کی کوششوں کو بڑھانے والی شخصیت سمجھا جاتا تھا۔ رپورٹس کے مطابق عمارت سے ملنے والی چیزوں سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ اپارٹمنٹ مرینا ینکینا کے شوہر کی ملکیت ہے اور وہ وہاں رہائش پذیر نہیں تھیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے دوران چند دن کے وقفے سے یہ دوسری اعلیٰ ترین شخصیت کی موت ہے۔ اس سے قبل میجر جنرل ولادیمیر ماکاروف نے خودکشی کرلی تھی جنہیں حال ہی میں روسی صدر نے برطرف کردیا تھا۔

Related Articles