راہل گاندھی ملک کے کمزوروں کی آواز بلند کرنے والے واحد لیڈر ہیں: غلام احمد میر
جموں، ستمبر , جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی واحد لیڈر ہیں جو ملک کے غریبوں اور مستضعفوں کی آواز بلند کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ملک کا حساس ترین خطہ ہے جس کا حقیقی درد صرف کانگریس پارٹی کو ہے۔ان کا کہنا تھا کہ راہل گاندھی کو مستقبل میں بھی بیچ بیچ میں جموں و کشمیر کا دورہ کرنا چاہئے۔غلام احمد میر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کو یہاں پارٹی کارکنوں کے ایک جلسے سے اپنے خطاب کے دوران کیا ہے۔اس موقع پر پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی، سینیئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد اور دیگر سینیئر لیڈران موجود تھے۔انہوں نے کہا: پھچلے سات برسوں کے دوران ملک کے غریبوں، مستضعفوں، دبے کچلوں کی آواز راہل گاندھی کے بغیر کوئی نہیں اٹھا رہا ہے آج کی طاقتور حکومت کے سامنے صرف راہل جی ہی انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔مسٹر میر نے کہا کہ جموں و کشمیر ملک کا حساس ترین خطہ ہے جس کو صرف کانگریس سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا: جموں و کشمیر ملک کا ایک حساس ترین خطہ ہے یہاں کے لوگ انتہائی حساس ہیں لیکن اس خطے کو صرف کانگریس پارٹی نہرو جی سے لے کرراہل گاندھی تک سمجھتے ہیں اور ان ہی لوگوں کو اس کا درد ہے ۔موصوف کا کہنا تھا کہ راہل گاندھی نے پانچ اگست 2019 کے بعد لوگوں کا حال معلوم کرنے کے لئے یہاں آنے کی ایک نہیں بلکہ دو بار کوشش کی لیکن انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا: لیکن کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اندر اور باہر جن جذبات کا اظہار کیا گیا ان کی وجہ سے ہی ہم مشکل حالات میں دو برسوں تک زندہ رہے ۔غلام احمد میر نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ راہل گاندھی نے ایک مہینے میں جموں و کشمیر کا دو بار دورہ کیا۔ان کا کہنا تھا: میں چاہتا ہوں کہ راہل جی مستقبل میں بیچ بیچ میں بھی جموں و کشمیر کے دورے پر آتے رہیں ۔