راہل پر مایاوتی کے جوابی حملے کے بعد کھرگے میدان میں اترے
نئی دہلی، اپریل۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے نے اتوار کو پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کے ایک بیان کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وجوہات کچھ بھی ہوں، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو اسمبلی انتخابات میں جیتنے کا ایک محفوظ راستہ دیا ہے۔مسٹر گاندھی نے اپنے بیان میں بی ایس پی سربراہ پر اتر پردیش میں اتحاد نہ بنا کر دلتوں کی آواز بننے سے انکار کرنے کا الزام لگایا تھا۔ جب محترمہ مایاوتی نے جوابی حملہ کیا تو مسٹر کھرگے نے مسٹر گاندھی کے بیان کو یہ کہہ کر درست قرار دیا کہ وجوہات کچھ بھی ہوں بی ایس پی سپریمو نے بی جے پی کو اسمبلی انتخابات میں جیت کا محفوظ راستہ فراہم کیا ہے۔مسٹر کھرگے نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ اتر پردیش کی جنرل سکریٹری انچارج پرینکا گاندھی واڈرا کی قیادت میں کانگریس پارٹی نے پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ کانگریس چاہتی تھی کہ بی جے پی عام لوگوں، خواتین اور دلتوں پر جو مظالم ڈھاتی ہے اس پر کسی طرح روک لگے۔انہوں نے کہا کہ یہ سب دیکھ کر محترمہ واڈرا نے محترمہ مایاوتی سے کہا تھا کہ وہ کانگریس کے ساتھ آئیں اور بی جے پی کے خلاف اتحاد کی قیادت کریں، لیکن سچائی یہ ہے کہ وہ ایسا نہیں کرپائیں، چاہے جو بھی اس کی وجہ ہو۔