راج ناتھ 26 ستمبر کو ہماچل کا دورہ کریں گے
ہمیر پور، ستمبر۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پیر کو ہماچل پردیش میں بھدولی پروگرام میں شرکت کے لیے ایک روزہ دورے پر جائیں گے۔ ان کے استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔مسٹرسنگھ ریاست پہنچ کر قوم کے لئے قربانی دینے والے اور آزادی پسندوں کے اہل خانہ کو اعزاز سے نوازیں گے۔آزادی کا امرت مہوتسو آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ راج رانا نے ہفتہ کے روز یو این آئی کو بتایا کہ وزیر دفاع بھدولی تقریب میں شرکت کے بعد نئی دہلی کے لئے پرواز سے قبل ایک بڑی ریلی سے خطاب بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی اور ان کی بڑی تنظیموں کے کارکنان شاندار انتظامات کرنے میں مصروف ہیں۔مسٹر رانا نے بتایا کہ آج شام تک ایک بڑا پنڈال تیار ہو جائے گا۔ کمیٹی کے کارکنان نے ریاست کی تمام 3615 گرام پنچایتوں میں تقریب کا اہتمام کیا ہے اور اس دوران قوم کے لیے شہیدوں کے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔ بھدولی میں یہ غیر سیاسی پروگرام ہے، وہ صرف عوام میں حب الوطنی کا جذبہ روشن کرنا چاہتے ہیں۔