راج بھون میں گورنر اور ممتا بنرجی کے درمیان ایک گھنٹے تک ملاقات
کلکتہ ،اپریل ۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے راج بھون میں گورنر کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر نے آج ٹوئیٹ کرتے ہوئے بتایاکہ راج بھون میں ممتا بنرجی کے ساتھ انہوں نے ریاست میں امن و امان کی صورت حال پر ایک گھنٹے تک بات چیت کی۔وزیر اعلیٰ کو گورنر جگدیپ دھنکھر نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں دریافت کرنے کے لیے مدعو کیا تھا۔ 29 مارچ کو فنانس بل کی منظوری کے دوران گورنر وزیر اعلیٰ سے فون پر بات کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی شکایت کی کہ متعدد مسائل زیر التوا ہیں۔جمعرات کی دوپہر ممتا بنرجی گورنر سے ملنے راج بھون گئیں۔ اس سے پہلے، 29 مارچ کو، گورنر جگدیپ دھنکھر نے وزیر اعلیٰ کو ایک خط بھیجا تھا۔ گورنر جگدیپ دھنکھر نے بھی اسے ٹویٹر پر شیئر کیا بھی تھا۔ خط میں گورنر سے ریاست میں امن و امان کی صورتحال پر وزیرا علیٰ سے بات چیت کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ممتا بنرجی اپنے موقع کے مطابق راج بھون کا دورہ کریں۔ میٹنگ کے دوران گورنر جگدیپ دھنکھر نے اپنے ٹویٹر پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ریاست میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بات کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں انتظامی سربراہوں کے درمیان ایک گھنٹہ طویل بات چیت ہوئی۔واضح رہے کہ کچھ دن پہلے گورنر جگدیپ دھنکھر نے راج بھون میں چیف سکریٹری اور فینانس سکریٹری کے ساتھ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک میٹنگ کی تھی۔ ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ملاقات کے دوران گورنر نے وزیر اعلیٰ سے فون پر بھی بات کی۔ وزیر اعلیٰ اس وقت دارجلنگ میں تھے۔ اس تناظر میں سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ جمعرات کو وزیر اعلیٰ کا راج بھون جانا بہت اہم ہے۔