راجستھان کے تمام اضلاع میں ’لو کش واٹیکا ‘ بنائے جائیں گے: گہلوت

جے پور، مئی۔راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ریاست میں ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ہر ضلع میں’لو کش واٹیکا‘ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔مسٹر گہلوت منگل کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر محکمہ جنگلات کی جائزہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ باغات میں جنگلات اور جنگلی حیات سے متعلق ایسے ماڈلز لگائے جائیں، جس سے بچے ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے بارے میں تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ادویاتی پودوں کی تقسیم کا منصوبہ بہت اچھا ہے، ان کا دائرہ کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ مستقبل میں دواؤں کے ساتھ پھل دار پودے بھی تقسیم کیے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے جنگلی حیات کا تحفظ اور جنگلات کی توسیع سب سے اہم ہے۔ انہوں نے جنگلات کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ جنگلاتی خطے کے ساتھ پوری ریاست میں ہریالی کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔ جنگلاتی رقبہ کو ترقی دینے کے لیے عوام کو مون سون میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے میں حصہ دار بنائیں۔

 

Related Articles