دہلی کے میئر کا انتخاب نہیں، اے اے پی ہنگامہ چاہتی ہے: منوج تیواری

نئی دہلی، جنوری۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کے انتخاب میں تعطل کے لئے عام آدمی پارٹی (اے اےپی) کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی کا مقصد صرف ہنگامہ کرنا ہے۔ بی جے پی کے لوک سبھا ممبر اور دہلی پردیش بی جے پی کے سابق صدر منوج تیواری نے منگل کو منعقدہ میونسپل کارپوریشن میٹنگ میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے میئر کا انتخاب نہ ہونے کے معاملے پر نامہ نگاروں سے کہاکہ عام آدمی پارٹی انتخاب نہیں چاہتی، ان کا مقصد ہنگامہ کرنا ہے۔ ان کے رہنما باہر کہتے ہیں کہ وہ چاہتے ہیں کہ انتخابات ہوں لیکن ان کے ارکان ایوان میں ہنگامہ برپا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال نقصان کا باعث بنتی ہے۔ عام آدمی پارٹی کا رویہ غیر جمہوری ہے۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ میئر، ڈپٹی میئر اور قائمہ کمیٹی کے ارکان کے انتخابات کے عمل کو طے کرنے کے لیے منگل کو ایوان کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ ووٹنگ شروع ہوتے ہی ایم سی ڈی کے شہری مرکز میں زبردست ہنگامہ شروع ہوگیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران دونوں جماعتوں کے ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔ پہلا اجلاس 6 جنوری کو ہوا لیکن ہنگامہ آرائی کے باعث میئر کا انتخاب نہ ہو سکا۔

 

Related Articles