دہلی این سی آر میں بارش،آندھی طوفان سے درجہ حرارت میں آئی کمی

نئی دہلی، مئی۔قومی دارالحکومت اور آس پاس کے علاقوں میں پیر کی صبح تیز ہواؤں کےساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے سے لوگوں کو گرم اور حبس بھرے موسم سے کافی راحت ملی۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا،’’اگلے دو گھنٹوں تک پوری دہلی اور این سی آر کے آس پاس کے علاقوں میں 60 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش ہوگی۔رپورٹ کے مطابق،دہلی کے کئی حصوں اور آس پاس کے علاقوں میں آج صبح تیز ہواؤں کے ساتھ ہوئی شدید بارش کی وجہ سے بجلی چلی گئی۔دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی (آئی جی آئی)ہوائی اڈے پر بھی موسم نے پرواز نظام کو متاثر کیا۔اس سے پہلے، آئی ایم ڈی نے پوری دہلی اور این سی آر کے ملحقہ علاقوں (لونی دیہات، ہنڈن ایئر فورس اسٹیشن، بہادر گڑھ، غازی آباد، اندرا پورم، چھپروالا، نوئیڈا، دادری، گریٹر نوئیڈا، گروگرام) میں تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی تھی۔دریں اثنا، پیر کی صبح 5.30 بجے شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 23.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے تین درجے کم ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق، پیر کو دارالحکومت کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.3 ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ایک درجے کم ہے۔

Related Articles