دھنکھر نے ہندوستان کو خود کفیل بنانے پر زور دیا
نئی دہلی، ستمبر۔نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے صنعتوں کو خود کفیل ہندوستان بنانے میں فعال کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے کی ترقی پر توجہ دی جانی چاہئے۔منگل کو یہاں آل انڈیا مینجمنٹ ایسوسی ایشن- اے آئی ایم اے کی 49 ویں نیشنل مینجمنٹ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر دھنکھر نے کہا کہ صنعت اور کاروبار کو ہندوستان کو خود کفیل بنانے میں فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہندوستانی صنعت کی صلاحیت اور قابلیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر دھنکھر نے کہا کہ ہندوستان نئے کاروباری ادارے، نئی ملازمتیں، نئی برآمدات اور ترقی کے مسائل کے نئے حل کے ذریعے اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کاروباری نسل پر انحصار کر رہا ہے۔”نائب صدر جمہوریہ نے زور دیا کہ زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے صنعت کی ایک اہم ذمہ داری ہے۔ اگر ہندوستانی کسان آگے بڑھتا ہے تو ہندوستان آگے بڑھتا ہے۔ہندوستانی اداروں اور افرادی قوت کو عالمی معیار کا بنانے کے لیے حکومت کے اقدامات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے نائب صدر نے صنعت سے کہا کہ وہ افرادی قوت کو جدید ترین مہارتوں کے ساتھ فروغ دینے اور اپ گریڈ کرنے کی ذمہ داری لیں۔ہندوستان کے اسٹارٹ اپ سیکٹر کو دنیا کے بہترین سیکٹر میں سے ایک کے طور پراس کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر دھنکھر نے کہا کہ ڈیجیٹل انٹرپرینیور چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں بھی نظر آنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وسیع انسانی وسائل کو عالمی سطح پر پہچانا جاتا ہے اور عالمی سطح پر ہندوستان کے فوائد کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لئے انہیں زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔