دھماکوں کے بعد جموں میں ہائی الرٹ جاری

اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا

جموں ،جنوری۔ جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کردیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنایا جاسکے۔معلوم ہوا ہے کہ جموں کے نروال علاقے میں دو دھماکوں کے بعد جموں صوبے میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا تاکہ امکانی حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز جموں شہر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لاکر راہگیروں اور مسافروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے تھے۔جموں کے مختلف حصوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر میں جگہ جگہ عارضی ناکے لگائے گئے ہیں جہاں مسافروں اور نجی گاڑیوں کو روک کر ان کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ نروال جموں میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کے بعد جموں شہر میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ۔ذرائع نے مزید کہاکہ حساس عمارتوں ، فوجی تنصیبات اور پولیس اسٹیشنوں کے اردگرد اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ نروال میں ہوئے دو دھماکوں کے بعد فارینسک کی ٹیم نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور وہاں سے اہم ثبوت اکھٹا کئے۔انہوں نے کہا کہ آس پاس علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی کھنگالا جا رہا ہے تاکہ مشتبہ افراد کو تلاش کرکے اُنہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں شہر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ جموں میں ہوئے دو دھماکوں کے بعد سیکورٹی کو انتہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ مشتبہ افراد اور اُن کے مددگاروں کو تلاش کرنے کی خاطر مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ بم دھماکوں کی تحقیقات شروع کی گئی جبکہ پولیس کے سینئر آفیسران نے بھی جائے وقوع کا معائنہ کیا۔دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ نروال جموں میں ہوئے دو دھماکوں کے بعد صوبے جموں کی سیکورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس کے سینئر آفیسران کی سربراہی میں جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران جموں میں امکانی حملوں کو ٹالنے کی خاطر سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایت دی گئی۔انہوں نے کہاکہ حساس علاقوں میں اضافی نفری کو تعینات کرنے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی۔

Related Articles