دو مال گاڑیوں کے درمیان ٹکر میں لوکو پائلٹ ہلاک، ریل ٹریفک بلاک
بلاس پور، اپریل ۔ساؤتھ ایسٹ سنٹرل ریلوے (ایس ای سی آر) کے بلاس پور-کٹنی سیکشن میں سنگھ پور ریلوے اسٹیشن کے قریب بدھ کی صبح ایک مال گاڑی نے سگنل کو پار کر کے دوسری مال گاڑی کو پیچھے سے ٹکر ماردی، جس سے انجن میں آگ لگ گئی اور تقریباً 9، 10 ڈبے پٹری سے اترگئے، جبکہ اس حادثہ میں ایک لوکو پائلٹ کے ہلاک اور کچھ لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ریلوے ذرائع کے مطابق حادثہ 7.00 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب سنگھ پور اسٹیشن کے قریب ایک مال گاڑی نے سگنل کو اوور سوٹ کردیا اورآگے کھڑی دوسری مال گاڑی سے ٹکراگئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بلاس پور ریلوے ڈویژن کے افسران اور ملازمین موقع پر پہنچ گئے اور مقامی انتظامیہ کی مدد سے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثے کی اصل وجہ تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔دریں اثنا، حادثے کے بعد،اپ، ڈاؤن اور مڈل تینوں لائنوں پر ریل ٹریفک بلاک ہوگیا اور کچھ ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں اور کچھ ٹرینوں کو ری شیڈول کرنے کے ساتھ ہی تبدیل شدہ روٹ سے چلایا جائے گا۔ایس ای سی آر کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر ساکیت رنجن نے بتایا کہ ٹرین نمبر 18234 بلاس پور-اندور نرمدا ایکسپریس، 08740 بلاس پور-شہڈول میمو، 08749 شاہڈول-امبیکاپورمیمو، 08758 امبیکاپور-انوپپورمیمواور 08759-انوپ پور-منیندرگڑھ میمو، 08739 شہڈول-بلاس پور میمو، 18576 امبیکا پور-شہڈول میمو اور 18755 شہڈول -امبیکا پور مینو آج منسوخ کردی گئی ہے۔ اسی طرح، 08757 منیندر گڑھ-امبیکاپورمیمو اور 08750 امبیکاپور-شاہڈول میمو کل جمعرات کو منسوخ رہے گی۔درگ سے چلنے والی ٹرین نمبر 20847 درگ – اودھم پور ایکسپریس کوآج دو گھنٹے کی تاخیر سے روانہ کیاجائے گا۔ ٹرین نمبر 08747 بلاس پور – کٹنی کوپینڈار روڈ پر، 11266 امبیکاپور – جبل پور بیجوری اور 11265 جبل پور – امبیکاپورکو جبل پورمیں مسوخ کردیا گیا ہے۔ دوسری طرف برونی سے 18 اپریل کو روانہ ہوئی ، 15231 برونی – گونڈیا ایکسپریس اور اجمیر سے 18 اپریل کو روانہ ہوئی 18208 اجمیر – درگ ایکسپریس کوتبدیل شدہ روٹ سے چلایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ضروری معلومات کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1072 قائم کیا گیا ہے۔