خواتین کو 1500 روپے ماہانہ پنشن دینے کا وعدہ پورا کیا: سکھو

شملہ، اپریل۔ ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ ٹھاکر سکھویندر سنگھ سکھو نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت نے ریاست کی 2.31 لاکھ خواتین کو 1500 روپے ماہانہ پنشن فراہم کرنے کا اپنا وعدہ بھی پورا کیا ہے۔
مسٹر سکھو نے یہ بات ہفتہ کو لاہول اسپتی کے کازہ میں منعقدہ ایک تقریب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بیوہ اور اکیلی خواتین ہاؤسنگ اسکیم کے تحت اس سال 7000 خواتین کو مکانات کی تعمیر کے لیے مالی امداد دی جائے گی۔ اس اسکیم کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے سالانہ آمدنی کی حد دو لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ ہولڈنگ سیلنگ ایکٹ 1972 میں ترمیم کی گئی ہے تاکہ آبائی جائیداد کی ملکیت میں بیٹیوں کو مساوی حقوق مل سکیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد نئے اقدامات کے ذریعے ریاست کو خود کفیل بنانا اور معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔ حکومت نے مارچ 2026 تک ریاست کو گرین انرجی اسٹیٹ بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گرین ہائیڈروجن اور امونیا پروجیکٹ کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے، جس سے 3500 سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور 4000 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کو بھی راغب کیا جائے گا۔ ریاست نے 6 گرین کوریڈورز کا اعلان کیا ہے جو برقی گاڑیوں کو سہولت فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے الیکٹرک بسیں، ٹرک، ٹیکسی، آٹو اور ای گڈز گاڑیاں خریدنے والے پرائیویٹ آپریٹرز کو 50 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت سیاحت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ضلع کانگڑا کو ریاست کے سیاحتی دارالحکومت کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ کانگڑا میں ہوائی اڈے کی تعمیر سیاحت کی توسیع کے لیے اہم ہے۔ اس کے علاوہ تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز کو ہوائی نقل و حمل کے ذریعے جوڑنے کے لیے ہیلی پورٹس کی تعمیر اور توسیع کی جا رہی ہے۔

Related Articles