خراب موسمی صورتحال کے باعث بھارت جوڑو یاترا کو روک دیا گیا
جموں ،جنوری۔کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا بدھ کی صبح چندر کوٹ سے اپنا سفرشروع کیا تاہم موسلا دھار بارشوں اور شاہراہ پر چٹانیں کھسک آنے کے باعث یاترا کو دو دن کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔کانگریس کے ترجمان نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے یاترا کو رام بن میں فی الحال منسوخ کردیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی جموں روانہ ہو گئے اور اب یاترا 27 جنوری کو بانہال سے دوبارہ شروع ہوگی۔یہ یاترا گزشتہ سال سات ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوئی تھی اور گزشتہ جمعرات کی شام پنجاب سے جموں وکشمیر میں داخل ہوئی اور یہ یاترا 30جنوری کو سری نگر کے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں اختتام پذیر ہوگی۔دریں اثنا کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جے رام رمیش نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کے باعث بھارت جوڑو یاترا کو رام بن میں فی الحال منسوخ کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ 27 جنوری صبح آٹھ بجے بانہال سے دوبارہ یاترا شروع ہوگی۔