حیدرآباد میں بارش۔ کھلے مین ہول گرنے سے چار سالہ لڑکی کی موت، گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں

حیدرآباد ،اپریل۔شہر حیدرآباد میں ہفتہ کی صبح کی اولین ساعتوں میں شدید بارش ہوئی۔ شہر کے کئی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ حمایت نگر، نارائن گوڑہ، کے پی ایچ بی کالونی، سعیدآباد، ملک پیٹ، کاروان، شیخ پیٹ،رائے درگم،کاپرا، چرلہ پلی، ای سی آئی ایل، قطب اللہ پور، جگت گیر گٹہ، سورارام، امین پور، سچترا، بالا نگر،،ماریڈ پلی، ناچارم، ملاپور اور ملکاجگری سوماجی گوڈا، پنجہ گٹہ اور امیرپیٹ میں شدید بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔پرانے شہر کے بھی کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔ ریاست بھر میں بارش کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے حیدرآباد سمیت کئی اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ سکندرآباد میں موسلادھار بارش کی وجہ سے ایک چارسالہ بچی کالاسی گوڈا کے کھلے مین ہول میں لڑکی گرگئی جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔یہ لڑکی دودھ کی پیکٹ لینے کیلئے گھر سے نکلی تھی تاہم وہ اچانک مین ہول میں گرپڑی اور بہہ گئی۔مقامی افرادنے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔بلدیہ کے اہلکاروں کی مدد سے لڑکی کی لاش کو نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی گئی۔اس کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے گاندھی اسپتال منتقل کردی گئی۔ موسلا دھار بارش سے حیدرآباد کی گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ نلہ کنٹہ پدما کالونی میں پانی بڑے پیمانہ پر جمع ہوگیا جس سے عوام کوکافی مشکل صورتحال کا سامنا کرناپڑا۔ بارش کے پانی کے سبب گاڑیاں نالہ میں بہہ گئیں۔ اپارٹمنٹس کے سیلارس میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ بجلی کے کھمبے گرنے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ پید اہوگئی۔ حیدرآباد شہر کے مضافات میں لنگم پلی ریلوے انڈر برج کے نیچے بارش کا پانی آگیا۔ آر ٹی سی سٹی بس ڈرائیور نے پانی کے بہاؤ کا اندازہ نہیں کیا اور اسی رفتار سے بس کو آگے بڑھادیا جس کے نتیجہ میں بس، بارش کے پانی میں پھنس گئی۔بس ڈرائیور کو پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ دو گھنٹے تک جاری رہی موسلادھار بارش سے شہر کے بیشتر نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

Related Articles