حکومت کروڑوں خاندانوں کی امیدوں پر پانی پھیر رہی ہے: راہل گاندھی

نئی دہلی، جولائی ۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت نوجوانوں کو بے روزگار کر کے کروڑوں خاندانوں کی امیدوں کو ختم کر رہی ہے اور ملک کے مستقبل کو تباہ کر رہی ہے۔ مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیاکہ سوال مت پوچھیں، اپنی آواز بلند نہ کریں، پرامن احتجاج نہ کریں، نیو انڈیا میں حقوق مانگنے پر آپ کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ یہ آمرانہ حکومت نوجوانوں کو بے روزگار بنا کر ملک کے مستقبل کو تباہ کر رہی ہے اور کروڑوں خاندانوں کی امیدوں کو توڑ رہی ہے۔اس کے ساتھ انہوں نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں پیرا ملٹری فورس میں ملازمت کے لیے 2018 میں امتحان پاس کرنے والے امیدواروں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے 46ویں دن ناگپور سے آگرہ تک مارچ کیا جہاں انہیں چار بسوں میں ٹھونس کر مختلف ضلعوں میں چھوڑاگیا۔ انہوں نے اتر پردیش حکومت کے اس اقدام کو نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت آمریت پر اتر آئی ہے اور وہ ملک کے مستقبل سے بھی کھیل رہی ہے۔ یہ انصاف کا مطالبہ کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے اور حکومت بتائے کہ ان امیدواروں کا جرم کیا ہے۔

Related Articles