حکومت اگنی پتھ اسکیم واپس لے:شیوپال
اٹاوہ:جون۔ پرگتی شیل سماج وادی پارٹی(پی ایس پی) صدر شیوپال سنگھ یادو نے مرکزی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کو نوجوانوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس اسکیم پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے واپس لینا چاہئے۔یادو نے اپنے آبائی ضلع اٹاوہ میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ قلیل مدتی اگنی پتھ اسکیم سے نوجوانوں کی زندگی کا گزر بسر نہیں ہوسکتا۔ چار سال بعد نوکری چھوٹ جانا نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ پوری طرح سے کھلواڑ ہے۔ آرمی تقرری کے نام پر سرکار نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کررہی ہے جب اس اسکیم کی مخالفت میں نوجوان سڑکوں پر اترے ہیں تو ایسے میں حکومت کو اس اسکیم پر نظر ثانی کرتے ہوئے واپس لے لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے والی کسی بھی اسکیم کا ساتھ نہیں دیا جاسکتا۔ کوئی بھی نوکری ہو تو وہ نوجوانوں کو زندگی بھر کے لئے ملنی چاہئے۔ حکومت کو اب اس معاملے پر دوبارہ غور کر کے اسے واپس لے کر نوجوانوں کی رائے سے پھر سے نئی اسکیم بنانی چاہئے۔