حکومت اردو کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے: دانش علی
نئی دہلی، اگست۔بہوجن سماج پارٹی کے سینئر لیڈر کنور دانش علی نے حکومت پر اردو زبان کے ساتھ سوتیلی ماں والا رویہ اختیار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کورونا کے بعد دور درشن پر نشر ہونے والے انگریزی اور ہندی کے بلیٹن کو معمول پر لائے گئے لیکن اردو کے صرف دو بلیٹن ہی نشر کئے جارہے ہیں۔امروہہ سے لوک سبھا کے ایم پی مسٹر دانش علی نے آج اس سلسلے میں وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر کو ایک خط لکھ کر ڈی ڈی پر اردو کے 10 بلیٹن کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ اس وقت دوردرشن اردو پر اردو خبروں کی تعداد 10 سے کم کر کے روزانہ دو کر دی گئی ہے۔ سال 2020 میں کورونا کے دور سے پہلے ڈی ڈی اردو چینل پر 10 اردو بلیٹن نشر کیے گئے تھے لیکن کورونا کے دور میں تمام نیوز سروسز متاثر ہوئیں۔ اس وقت اردو نیوز بلیٹن بھی 10 سے کم کر کے دو کر دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ انگریزی اور ہندی کے نیوز بلیٹن اپنے اصل تعداد میں بحال ہو گئے ہیں لیکن اردو کے صرف دو بلیٹن ہی نشر کئے جارہے ہیں۔ یہ اردو زبان کے ساتھ سوتیلا رویہ ہے۔بی ایس پی ایم پی نے کہا کہ 2011 کی مردم شماری کے مطابق ہندوستان میں 5 کروڑ سے زیادہ لوگ اردو بولتے ہیں۔ یہ ان کے لیے اطلاعات کا ایک بہتر ذریعہ ہے۔انہوں نے ڈی ڈی اردو چینل پر اردو بلیٹن کو کورونا کے دور سے پہلے کی طرح بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔