جوہری معاہدے کی بحالی خامنہ ای کی قاتل حکومت کو مضبوط کرے گی:پومپیو
واشنگٹن،اگست۔سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بدھ کے روز زور دے کر کہا ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ کی ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی قاتل خامنہ ای کی حکومت کو مضبوط کرنا ہے۔انہوں نے اپنے ’ٹویٹر‘ اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ میں لکھا ویانا سے آنے والی خبریں بہت پریشان کن ہیں کیونکہ بائیڈن کی ٹیم ناکام ایران معاہدے کو بحال کرنے کے قریب ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ پہلے بائیڈن طالبان کو واپس لائے اور اب وہ خامنہ ای کی قاتل حکومت کو بااختیار بنا رہے ہیں۔امریکا کی قومی سلامتی کونسل نے منگل کو قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ تہران نے حساس فائلوں میں رعایت دی ہے۔لیکن ایک سینیر امریکی اہلکار نے زور دے کر کہا کہ ابھی تک نئے جوہری معاہدے تک پہنچنے کا امکان واضح نہیں ہے۔اس اہلکار نے جس نے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی منگل کو مزید کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان خلیج اب بھی موجود ہے۔تاہم انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ تہران نے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے بعض بنیادی شرائط کو ترک کر دیا ہے۔ان میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی تحقیقات کو ختم کرنے کی شرط کو ترک کرنا بھی شامل ہے۔درایں اثنا یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نیکہا ہے کہ جوہری مذاکرات میں حصہ لینے والے بیشتر ممالک نے یورپی متن یا تجویز سے اتفاق کیا ہے۔انہوں نے اسپانوی ٹیلی ویڑن کے ساتھ ایک انٹرویو میں مزید کہا کہ ان میں سے اکثر متفق ہیں، لیکن میرے پاس ابھی تک امریکا کی طرف سے کوئی ردعمل نہیں ہے۔