جموں و کشمیر کے لوگ مشکل دور سے گزر رہے ہیں: سجاد غنی لون
سری نگر، ستمبر.جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ جس مشکل دور سے گزر رہے ہیں ہم میں سے کسی نے ایسا مشکل دور سال 1947 سے نہیں دیکھا ہے۔ان کا دعویٰ تھا کہ ان مشکلات کے خاتمے کا واحد حل مین اسٹریم کی واپسی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز کانفرنس ایک نئی قیادت کو لوگوں کے سامنے پیش کر رہی ہے۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں جموں و کشمیر بینک کے سابق چیئرمین پرویز احمد کے پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس موقع پر پارٹی کئی سینیئر لیڈران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا: قوم کے لئے خود احتسابی کا وقت آ گیا ہے سال 1947 سے ہم میں سے کسی نے ایسا مشکل دور نہیں دیکھا ہے ۔مسٹر لون نے کہا کہ ان مشکلات کا واحد حل مین اسٹریم کو واپس لانا ہے۔انہوں نے کہا: مین اسٹریم جس کو غدار کہا جا رہا تھا جس کو گالیاں دے کر بے عزت کیا جا رہا تھا، وہی ایک دفاع تھا جب تک اس کو واپس نہیں لایا جائے گا تب تک ان مشکلات کا خاتمہ نہیں ہوگا ۔ان کا کہنا تھا: ہمیں کسی نہ کسی، چاہیے وہ جموں کا ہی کیوں نہ ہو کو با اختیار بنانا ہے تب ہی ہم اس مشکل دور سے باہر نکل سکتے ہیں ۔موصوف صدر نے سابق جموں و کشمیر بینک چیئرمین پرویز احمد کو ایک با اثر سماجی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔اس موقع پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے پرویز احمد نے کہا کہ میں اپنے تجربات کو بروئے کار لا کر جموں و کشمیر کے لئے ایک پیکیج کا مسودہ تیار کروں گا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو معاشی و سیاسی مشکلات کا سامنا ہے ہم ان کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین کی حیثیت سے لوگوں کی خدمت کی ہے اور اب سیاست میں آ کر لوگوں کی خدمت کروں گا۔