جموں وکشمیر وقف بورڈ کی جانب سے سری نگر میں پہلی مرتبہ میلاد کا جلوس برآمد

سری نگر، اکتوبر,جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن کی سربراہی میں نگین سے لے کر آثار شریف درگاہ حضرت بل تک میلاد جلوس نکالا گیا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بتادیں کہ جموں وکشمیر کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ جب وقف بورڈ چیئرپرسن کی سربراہی میں میلاد کا جلوس برآمد ہوا۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ اتوار کے روز وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی سربراہی میں میلاد کا جلوس برآمد ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ نگین سے لے کر درگاہ حضرت بل تک یہ جلوس نکالا گیا جس میں عاشقان رسول (ص)کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پول ، ضلع ترقیاتی کمشنر اعجاز اسد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھی اس موقع پر موجود رہے ۔ اس موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں علماء نے عالم اسلام کو بالعموم اور مسلمانان جموں وکشمیر کو بالخصوص دلی مبارکباد اور تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن انسانیت حضرت رحمۃ للعالمین (ص) کی ولادت و بعثت درحقیقت عقیدہ ،فکر ذہن اور تہذیب و تمدن کا ایک خوشگوار انقلاب تھا جس نے مثبت انداز میں انسانی کائنات کی نہ صرف کایابلکہ تقدیرپلٹ کررکھ دی اور دنیا کاایک سدا بہار انقلاب سے نہ صرف جغرافیہ بدل دیا بلکہ تاریخ بدل کر ایک نئے اور منفرد تہذیب اور تمدن کی بنیاد ڈالی۔ درخشاں اندرابی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) کے امن، ہم آہنگی، راست بازی اور روحانیت کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کے سامنے آپ (ص) کے ایمان کے حقیقی چہرے کو پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن انسانیت کے لئے امن اور روحانیت کے جشن کا دن ہے اور امن و ہم آہنگی کے پیغمبر (ص) کے صحیح پیغام کو پھیلاتے ہوئے ہمیں اپنے روحانی ماضی کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔

Related Articles