جموں وکشمیر میں جلد ازجلد اسمبلی انتخابات کا انعقاد ناگزیر: غلام نبی آزاد
سری نگر ،دسمبر۔ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے چیف غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں پچھلے چھ برسوں سے اسمبلی چناو نہیں ہوئے جو بدقسمتی ہے۔اُن کے مطابق کشمیر میں حالات بہتر ہونے تک کشمیری پنڈت ملازمین کو جموں میں ہی تعینات کیا جائے ۔ان باتوں کاا ظہار موصوف نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کافی مضبوط ہے اور آئے روز اس پارٹی کے ساتھ لوگ جڑ رہے ہیں۔اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں پچھلے چھ برسوں سے اسمبلی چناو نہیں ہوئے جو بدقسمتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنچایتی اور بلدیاتی چناو کرانا تو ٹھیک ہے لیکن اصلی چناو اسمبلی کا ہے لہذا جتنی جلد ممکن ہو سکے اسمبلی الیکشن کے حوالے فیصلہ لیا جانا چاہئے۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ بطور ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھا میں جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کرانے کی خاطر بحث کی ۔کشمیری پنڈتوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہاکہ پنڈتوں کے ساتھ کوئی نہیں چھیڑتا لیکن بدقسمتی سے پچھلے کچھ ایام کے دوران اُن کے ساتھ واقعات پیش آئے۔انہوں نے بتایا کہ سرکار کو کشمیری پنڈت ملازمین کو فی الحال جموں منتقل کرنا چاہئے اور جب کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آئیں گے تو پھر اُنہیں دوبارہ یہاں پر تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ جان ہے تو جہاں ہے لہذا حکومت کو اس حوالے سے انسانی بنیادوں پر فیصلہ لینا چاہئے۔