سکندرآباد میں لکڑی کے گودام میں زبردست آگ، 11 ہلاک

حیدرآباد، مارچ۔ سکندرآباد کے بھوئی گوڈا میں بدھ کی علی الصبح لکڑی کے ایک گودام میں زبردست آگ لگ گئی جس کی زد میں آجانے سے بہار کے کم از کم 11 مہاجر مزدور ہلاک ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ آگ صبح 4 بجے لگی ہے ۔ ایسا شبہ ہے کہ گودام میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے ۔فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیاں جائے وقوع پر تعینات ہیں اور فائر بریگیڈ کے اہلکار وں کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔گزشتہ رات تقریباً 15 مزدور گودام میں سو رہے تھے جن میں سے 11 آگ کی زد میں آجانے سے زندہ جل گئے اور باقی بھاگنے میں کامیاب ہو گئے ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی تلنگانہ کے وزیر تلسانی سرینواس یادو موقع پر پہنچ گئے ۔ اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس واقعہ کو افسوس ناک قرار دیا۔مسٹر یادو نے کہا کہ چونکہ آگ کافی صبح سویرے لگی اس لئے امدادی کارروائیوں کے آغاز میں کچھ تاخیر ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائے گی۔اس کے ساتھ ہی وزیر نے سوگوار خاندانوں کے تیئں تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

Related Articles