جل نگم بھرتی گھوٹالہ: سی بی آئی عدالت میں پیش ہوئے اعظم خان، طے نہیں ہوئے الزامات

لکھنو:مئی۔سماج وادی پارتی کے سینئر لیڈر اعظم خان کو جل نگم بھرتی گھوٹالہ معاملے میں جمعرات کو لکھنؤ کی سی بی آئی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس معاملے میں اعظم خان پر آج فرد جرم طے کیا جانا تھے لیکن سماعت ملتوی ہونے کی وجہ سے الزامات طے نہیں ہو سکے۔ اعظم خان کو اب سخت سیکورٹی کے درمیان لکھنؤ سے سیتا پور جیل لے جایا جا رہا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ 2017 میں یوگی حکومت کے بنتے ہی اس معاملے کی جانچ شروع ہو گئی تھی۔بتا دیں کہ اعظم خان سماج وادی پارٹی کی حکومت میں جل نگم کے چیئرمین تھے۔ ان کے دور میں جل نگم میں اسسٹنٹ انجینئر، جونیئر انجینئر، کلرک، اسٹینو گرافر سمیت 1300 آسامیوں پر بھرتی کیا گیا، جس میں مختلف بے ضابطگیوں کے ساتھ ساتھ ایک خاص شخص کو فائدہ پہنچانے کے الزامات بھی تھے۔ حکومت نے معاملے کی جانچ ایس آئی ٹی سے کروائی تھی۔ ایس آئی ٹی کی جانچ رپورٹ کی بنیاد پر 25 اپریل 2018 کو اس وقت کے شہری ترقی کے وزیر اعظم خان، جل نگم کے اس وقت کے ایم ڈی، چیف انجینئر اور بھرتی کے عمل میں شامل دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اعظم خان اور دیگر ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی گئی ہے۔ عدالت نے چارج شیٹ کا بھی نوٹس لیا ہے۔

Related Articles