جسٹس روی وجے کمار ملیمَٹھ نے مدھیہ پردیش کے چیف جسٹس کے بطور حلف لیا
بھوپال ، اکتوبر ۔ مدھیہ پردیش کے گورنر منگوبھائی پٹیل نے جسٹس روی وجے کمار ملیمَٹھ کو آج یہاں ریاستی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر حلف دلایا۔راج بھون کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں جسٹس روی وجے کمار ملیمَٹھ نے خدا کے نام پر حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان ، ریاستی وزراء ، عدالتی دنیا کی شخصیات اور اعلیٰ انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری اقبال سنگھ بیس نے پروگرام کی نظامت کی۔بنیاد ی طورپرکرناٹک کے باشندے مسٹر ملیمَٹھ پہلے ہماچل پردیش کے کارگذار چیف جسٹس کے طور پر اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔ حال ہی میں انہیں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔