جسٹس اجول بھویان نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لے لیا

حیدرآباد جون۔جسٹس اجول بھویان نے آج تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لے لیا۔ گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے آج صبح راج بھون میں منعقدہ ایک سرکاری تقریب میں جسٹس بھویان کو 10.55بجے حلف دلایا۔جسٹس بھویان، جسٹس ستیش چندراشرما کے جانشین ہیں جن کا تبادلہ دہلی ہائی کورٹ کردیاگیا ہے۔ جسٹس بھویان تلنگانہ ہائی کورٹ کی تشکیل کے بعد یہ اہم عہدہ سنبھالنے والے پانچویں چیف جسٹس ہیں۔اس موقع پروزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ، مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت جی کشن ریڈی، کئی وزرا، ہائی کورٹ کے ججس اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس ستیش چندر شرما کے دہلی ہائی کورٹ تبادلے کے بعد مرکزی حکومت نے جسٹس بھویان کو تلنگانہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا ہے۔ ٹی بی این رادھا کرشنن 2019 میں قائم کئے گئے ریاستی ہائی کورٹ کے پہلے چیف جسٹس تھے، ان کے بعد جسٹس آر ایس چوہان، جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس ستیش چندر شرما ریاستی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہے۔ جسٹس بھویان جو اس سے قبل تلنگانہ ہائی کورٹ میں جج رہ چکے ہیں، ممبئی ہائی کورٹ اور آسام ہائی کورٹس میں بھی جج کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 17 مئی کو سپریم کورٹ کی کالجیم نے انہیں ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔ اس سفارش کی بنیاد پر مرکزی حکومت نے صدرجمہوریہ کواس کی منظوری کے لئے فائل روانہ کی تھی اور حالیہ دنوں صدرجمہوریہ نے اس فائل پر دستخط بھی کردیئے تھے۔

Related Articles