جرائم پیشہ افراد کو فروغ دینے والی پارٹی سے ملک کو بچانا مشکل: امیت شاہ

مانڈیا. دسمبر۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس اور جنتا دل (سکیولر) ایسی دو پارٹیاں ہیں جو ذات پات کی حمایتی ہیں اور مجرموں کو تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ جس کی وجہ سے ملک کو ان سے بچانا مشکل ہو گا۔مسٹر امیت شاہ نے پوچھا کہ ملک کو ان سے کیسے بچایا جا سکتا ہے۔ مانڈیا یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جن سنکلپ یاترا پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آج کہا کہ دونوں پارٹیاں بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ اقرباء پروری اور بدعنوانی سے چھٹکارہ پانے کے لیے بی جے پی کو مکمل اکثریت دیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کسان سمان ندھی کے ذریعے کسانوں کو چھ ہزار روپے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 50 لاکھ کسانوں کو 12 ہزار کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تین لاکھ ہیکٹر اراضی کو آبپاشی اسکیم سے فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ مسٹر امیت شاہ نے کسانوں کو سمجھایا کہ مسٹر یدیورپا اور مسٹر بومئی کی حکومتوں نے کسانوں کے لیے 13,000 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔امیت شاہ نے کہا کہ مرکز کی مدد سے ریاست میں تجارتی ترقی بھی ہوئی ہے۔ کرناٹک کو نیتی آیوگ سے بھی ایوارڈ ملا ہے۔ بنگلور-میسور ہائی وے، بنگلورو-حیدرآباد ایکسپریس ہائی وے کے لیے 8,000 کروڑ روپے اور بنگلورو ایئرپورٹ کے دوسرے ٹرمینل کے لیے 5,000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سبھی کو مفت ٹیکے فراہم کرکے ہندوستان کو کووڈ فری بنانے کی پوری کوشش کی ہے۔ کورونا وائرس کے دوران 80 کروڑ لوگوں کو مفت راشن دیا گیا ہے۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ کانگریس اور جے ڈی ایس نے ریاست کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ جبکہ بی جے پی نے ایکسپریس وے، ریلوے لائن، ہائی وے کی برق کاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر بومئی کی حکومت اس کے لئے مبارکباد کے مستحق ہے۔مسٹر شاہ نے کہا کہ ملک میں 2024 کے عام انتخابات سے پہلے کرناٹک میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ انہوں نے ریاست کے عوام سے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو جیت دلانے کی اپیل کی تاکہ کرناٹک اور ملک کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے اور محفوظ رکھنے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں سدارمیا حکومت نے پی ایف آئی کا کیس واپس لینے کا کام کیا تھا، لیکن انہوں نے لوگوں سے کہا کہ ہم نے پی ایف آئی پر پابندی لگا دی ہے۔اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر نلین کمار کٹیل، بی جے پی ضلع صدر سی پی امیش، مرکزی وزیر پرہلاد جوشی، وزیر کے گوپالیہ، ڈاکٹر اشوتھ نارائن، کے سی نارائن گوڑا، بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری سی ٹی روی، ریاستی نائب صدر نرمل کمار سورانا سمیت بی جے پی لیڈران موجود تھے۔

Related Articles