تیندولکر فاؤنڈیشن کے کام کو ریاستی حکومت مکمل تعاون دے گی:شیوراج

بھوپال ، نومبر۔دنیا کے عظیم کرکٹر اور بھارت رتن ایوارڈ یافتہ سچن تیندولکر نے ریاست کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان سے ان کی رہائش گاہ پرخیرسگالی پر مبنی ملاقات کی۔وزیراعلیٰ مسٹر چوہان کو مسٹرتیندولکر نے اپنے فاؤنڈیشن کے ذریعہ مدھیہ پردیش میں کئے جا رہے مختلف کاموں کے بارے میں بتایا۔ سچن تیندولکر فاؤنڈیشن "پریوار فاؤنڈیشن” کے ساتھ ریاست میں کام کر رہا ہے۔مسٹرچوہان نے کہا کہ ریاست میں ان کے فاؤنڈیشن کی طرف سے کئے جا رہے اچھے کاموں میں ریاستی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔ جوبھی ضرورت ہو گی اس میں ضلع انتظامیہ کا تعاون دلایا جائے گا۔ حکومت ان کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ مسٹر تیندولکر سیہور ضلع کا دورہ کرنے کے بعد کل دیر رات وزیراعظم مسٹر چوہان سے ان کی رہائش گاہ پر ملنے آئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے مسٹر تیندولکر کے کرکٹ کے میدان میں مسٹر تیندولکر کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کرکٹ کی طرف راغب کرنے میں ان کا کردار قابل تعریف ہے۔ پورا ملک آپ کا دل سے احترام کرتا ہے۔ ملک کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے گوالیار میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ڈبل سنچری بنا کر سب کا دل جیت لیاتھا۔ مسٹر تیندولکر نے نومبر 2013 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا ۔ ان آٹھ سالوں میں انہوں نے آج بھی ہندوستان کے لیے اپنی بیٹنگ جاری رکھی ہے۔وزیراعلیٰ مسٹر چوہان نے کہا کہ اپریل میں صندل پور میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے دوران مسٹر تیندولکر کو مدعوکیا جائے گا۔اس موقع پر پرنسپل سکریٹری اسپورٹس گلشن بامرا، ڈائریکٹر کنٹیکٹ آشوتوش پرتاپ سنگھ سمیت پریوار فاؤنڈیشن کے اراکین موجود تھے۔

Related Articles