تلنگانہ ہائی کورٹ کے جج سے 10ویں جماعت کا سوالیہ پرچہ لیک ہونے کی تحقیقات کرائی جائے: بندی سنجے
حیدرآباد، اپریل۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) تلنگانہ یونٹ کے صدر بندی سنجے کمار نے جمعہ کو مطالبہ کیا کہ دسویں جماعت کا پیپر لیک ہونے کی جانچ ہائی کورٹ کے ایک موجودہ جج سے کرائی جائے۔کریم نگر جیل سے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر سنجے نے تلنگانہ حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ٹی ایس پی ایس سی پیپر لیک کیس سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے جس سے تقریباً 30 لاکھ طلباء متاثر ہوئے ہیں۔لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ نے تین مطالبات پیش کیے ہیں، جن میں دسویں جماعت کے پیپر اور ٹی ایس پی ایس سی کے سوالنامے لیک ہونے کی تحقیقات کرنے، انفارمیشن ٹکنالوجی اور صنعت کے وزیر کے ٹی راما راؤ کو کابینہ سے برطرف کرنا اور ٹی ایس پی ایس سی امتحان متاثرین کو ایک لاکھ روپے کا معاوضہ دینے جیسی مانگیں کی گئی ہیں۔مسٹر سنجے نے کلاس 10 کے ہندی کے امتحان کے پرچہ کے لیک ہونے میں کسی بھی طرح کے ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے انہیں واٹس ایپ پر ایک پیغام فارورڈ کیا ہے۔ انہوں نے حکومت کی نا اہلی پر بھی سوال اٹھایا اور پوچھا کہ ایک دن پہلے تلگو پیپر کے لیک ہونے کا ذمہ دار کون ہے اور ایک موبائل فون امتحانی مرکز تک کیسے پہنچا۔بی جے پی کے ریاستی صدر نے انتباہ دیا کہ پارٹی کا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت والی بی آر ایس حکومت کی جانب سے تینوں مطالبات پورے نہیں کیے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی ورنگل میں بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ ایک ریلی منعقد کریں گے۔ مسٹر بندی نے یہ انتباہ بھی دیا کہ کے سی آر خاندان کو بخشا نہیں جائے گا۔مسٹر سنجے نے کہا کہ ورنگل کے پولس کمشنر اے وی رنگناتھ، اگر وہ ایماندار ہیں تو انہیں حلف کے ساتھ کہنا چاہئے کہ ایس ایس سی کے پرچے لیک ہونے میں ان کے (مسٹر سنجے کے) ملوث ہونے کے بارے میں جو کچھ بھی کہا وہ سچ تھا۔ انہوں نے بی جے پی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ہفتہ کو پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں منعقد ہونے والے وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسہ عام میں بڑی تعداد میں شرکت کریں۔